جامعہ سندھ میں "علامہ محمد اقبال کا لازوال فلسفہ اور پاکستان کے نوجوان" کے موضوع پر قومی سیمینار منعقد
مقررین نے کہا ہے کہ خود شناسی، فکری بیداری، قومی شعور اور اجتماعی ذمہ داری سے متعلق اقبالؒ کا فلسفہ آج بھی نوجوانوں کو درپیش سماجی، معاشی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پئدائش کی مناسبت سے جامعہ سندھ جامشورو کے پاکستان اسٹڈی سینٹر میں منعقدہ قومی سیمینار بعنوان ’’علامہ اقبال کا لازوال فلسفہ اور پاکستان کے نوجوان‘‘ میں کیا. سیمینار کا مقصد علامہ محمد اقبالؒ کی فکری، فلسفیانہ اور سیاسی خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ان کے افکار کی عصری اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ سیمینار میں بھیجھے گئے صدارتی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغه امتياز) نے ادب، فلسفے اور امتِ مسلمہ کی فکری بیداری کے حوالے سے علامہ محمد اقبال کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی انقلابی شاعری میں خودداری، حوصلے، عزم، خود اعتمادی اور خود شناسی کا لازوال پیغام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں خصوصی طور پر نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے، خود اعتمادی پیدا کرنے اور زندگی میں اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے کا درس دیا ہے. انہوں نے پاکستان اسٹڈی سینٹر کی جانب سے اس علمی تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ یومِ اقبال کو بامقصد علمی و فکری سرگرمیوں کے ذریعے منانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں تعمیری سوچ، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور قائدانہ خصوصیات کو فروغ دیں۔ وہ ایسے ذمہ دار، باصلاحیت اور باشعور شہری تیار کریں جو عصرِ حاضر کے قومی اور عالمی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اقبال کے فلسفے سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ان کے افکار کو معاشرے اور ملک کی بہتری کے لیے آگے بڑہائیں.
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہيسر نے اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبال کو ممتاز قومی شاعر اور فلسفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے فکری پیغام نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور کی تشکیل میں انقلابی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفیانہ تحریروں نے مسلمانوں کو سیاسی اور فکری جمود سے بیدار کیا اور ان میں شناخت، خود اعتمادی اور خودداری کا نیا احساس پیدا کیا۔ ان کا تصورِ مسلم قومیت مشترکہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار پر مبنی تھا۔
انہوں نے اقبال کے نظریۂ دو قومی کے ارتقا پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر مہيسر نے 1930ء کے تاریخی خطبۂ ﷲ آباد کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا، جس نے تحریکِ پاکستان کو ایک اہم فکری اور سیاسی سمت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ عظیم مفکر علامہ اقبال نے مسلم اکثریتی صوبوں کو ایک نئی مسلم ریاست کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ مسلمانوں کی لسانی، نسلی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ ان کے شاعرانہ اور فلسفیانہ افکار نے مسلمانوں میں خود اعتمادی اور نئی امید پیدا کی، جس کے نتیجے میں آزادی کی تحریک کو مزید تقویت ملی۔
ڈاکٹر شجاع احمد مہيسر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے بڑا قومی سرمایہ ہیں۔ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اگر نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی مہارتوں، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے تو وہ پاکستان کو ایک مضبوط، معاشی طور پر خوشحال اور عالمی سطح پر اہم مقام رکھنے والا ملک بنا سکتے ہیں۔
شعبہ بشریات و آثارِ قدیمہ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرازق چنہ نے علامہ اقبالؒ کے فلسفۂ خودی کی عصری اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی انفرادی صلاحیتوں کو پہچانیں، خود اعتمادی پیدا کریں، فکری خودمختاری برقرار رکھیں اور زندگی میں واضح مقصد کا تعین کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی سماجی اور معاشی حالات میں اقبال کا پیغامِ خود شناسی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر چنہ نے طلبہ کے ساتھ علامہ اقبال کے فلسفے، بالخصوص خودی اور شاہین کے تصور پر ایک فکر انگیز مکالمہ بھی کیا۔ اس موقع طلباء عبیر، ہالار، انعام رند، باقر لغاری، عائشہ جوکھیو اور فضا نے تقاریر کی اور علامہ اقبال کی شاعری پیش کی.
--