جامعہ سندھ میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں ماہرین نے ذیابیطس کو عالمی چیلنج قرار دے دیا، متوازن غذا، آگاہی اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کے ذریعے بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے: مقررین

جامعہ سندھ جامشورو میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی مقررین نے دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے ہونے والے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم عالمی چیلنج قرار دے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری اور ایشین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز حیدرآباد کے مشترکہ تعاون سے غذائیت، صحت اور ذیابیطس کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہید بینظیر بھٹو چیئر اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقدہ اس کانفرنس کی صدارت جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کی، جبکہ کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور موضوع کی مناسبت سے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ صحت کے حوالے سے غذائیت کا انتہائی اہم کردار ہے۔ دنیا بھر میں ذیابیطس سمیت مختلف بیماریوں میں اضافے کی دیگر وجوہات کے ساتھ ایک بڑی وجہ خوراک کے معاملے میں بے احتیاطی اور صحت سے متعلق آگاہی کا فقدان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر مختلف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور پاکستان میں بھی اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو انتہائی تشویش ناک بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متوازن غذا کے ساتھ آگاہی پروگراموں کے ذریعے ذیابیطس کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹا جا سکتا ہے۔ وائس چانسلر نے انتہائی اہم موضوع پر منعقدہ کانفرنس کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جامعات، طبی اداروں اور تحقیقی مراکز کو صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تحقیق اور علمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے ملکی و غیر ملکی ماہرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عالمی کانفرنس غذائیت اور صحت کے شعبوں میں جدید تحقیق، تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس سے قبل انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر افشین شاہ اور ایشین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز حیدرآباد کے پروفیسر ڈاکٹر صادق میمن نے کانفرنس میں شریک مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملائیشیا سے آئے ہوئے اسکالر پروفیسر ڈاکٹر مظفر خٹک نے کہا کہ ذیابیطس خون میں گلوکوز کی مقدار بڑھنے کے نتیجے میں ہوتی ہے، جسے معیاری علاج اور متوازن غذا کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیماری اچانک لاحق نہیں ہوتی بلکہ اس سے قبل جسم مختلف علامات کے ذریعے خبردار کرتا ہے، جن پر توجہ دے کر بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ آسٹریلیا سے آئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ سلیریا، ملائیشیا سے آئے ہوئے ڈاکٹر وان ازدی محمد ابوبکر اور ڈاکٹر روزلین عبدالرحمٰن، جدہ سے آئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مختیار بیگ، برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر سید کاشف حسین کاظمی اور امریکہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر خالد ممتاز نے میٹابولزم اور ذیابیطس کے درمیان گہرے تعلق، کولیسٹرول اور موٹاپے کے مضر اثرات، متوازن غذا کے فوائد اور غیر متوازن خوراک کے صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ذیابیطس سمیت مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لیے جدید حکمتِ عملیوں سے بھی آگاہ کیا۔ کانفرنس میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے مقررین پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر حماد مجید، پروفیسر ڈاکٹر نجمہ میمن، ڈاکٹر فیروزہ وٹو، ڈاکٹر سلیم میمن، ڈاکٹر گلشن علی میمن، پروفیسر ڈاکٹر تسنیم گل قاضی اور ڈاکٹر بشریٰ پاٹولی نے بھی موضوع کی مناسبت سے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے مذکورہ معزز مہمانوں سمیت سندھ زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر اعجاز علی سومرو، صوفی یونیورسٹی بھٹ شاہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر امام الدین کھوسو، جامعہ سندھ دادو کیمپس کی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر انیلا ناز سومرو، ڈین ڈاکٹر ناہید کاکا، سنڈیکیٹ کے اراکین ڈاکٹر عرفانہ ملاح، ڈاکٹر محمد قاسم نظامانی، ڈاکٹر حمیرا ہکڑو، ڈاکٹر عبدالرحمٰن نانگراج، اساتذہ کی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر احمد علی بروہی، ڈاکٹر سعید احمد منگی، ڈاکٹر الہنواز میمن، ڈاکٹر ﷲ بخش گھانگھرو، ڈاکٹر خالد لاشاری، ڈاکٹر قاسم سمیجو، ڈاکٹر قدیر پنہور، ڈاکٹر عاطف منگی اور دیگر شخصیات کو اعزازی شیلڈز اور سندھ کی ثقافتی روایاتی تحفےاجرک اور لنگیاں پہنائیں. کانفرنس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر عاطف حسین منگی، ڈاکٹر مہوش چنا اور ڈاکٹر بینش نے انجام دیے۔

 

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 11/16/2026
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽيءَ ۾ ٿيل عالمي ڪانفرنس ۾ ماهرن ذباطي...
View Details → 11/16/2026
1024 x 768
جامعہ سندھ میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں ماہرین نÛ...
View Details → 11/16/2026
1024 x 768
Experts Declare Diabetes a Major Global Challenge at SU International Conference, Stress B...
View Details → 11/16/2026