خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، جامعہ سندھ میں منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب
خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، اور خواتین کے حقوق کا مطالبہ مردوں پر بالادستی قائم کرنے کا نام نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کے سینٹر فار رورل ڈیولپمنٹ کمیونیکیشن (CRDC) کے زیرِ اہتمام ’’روایات کی زنجیریں توڑ کر خودمختاری کو نئی معنویت دینے والی سندھ کی باہمت خواتین کی کہانیاں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت سندھ یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ ممبر اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی ممبر پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مردوں کو خواتین کا احترام کرنے اور انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دینے کے حوالے سے تربیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین بھی برابر کے انسان ہیں اور معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ کی چیئرپرسن اور خواتین کے حقوق کی سرگرم رہنما پروفیسر امر سندھو نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا مطالبہ کرنے کا مطلب مردوں پر بالادستی قائم کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی خواتین کے حقوق کی بات کی جاتی ہے تو مرد یہ سوچ کر پریشان ہوجاتے ہیں کہ کہیں ان کی سماجی حیثیت کم نہ ہوجائے، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو اپنے وجود پر بھی اختیار حاصل نہیں، بلکہ انہیں بھی مردوں کی ملکیت سمجھا جاتا ہے۔ اس رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت سندھ کے ویمن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے جامشورو میں قائم کمپلین سیل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیدہ قرۃ العین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا محکمہ خواتین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر خواتین کو گھریلو تشدد، زیادتیوں اور کام کی جگہوں پر ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں خواتین سے متعلق ایسے مسائل پولیس کے ذریعے حل کیے جاتے تھے، تاہم اب ان کے محکمے کی جانب سے تشدد کا شکار خواتین کے لیے محفوظ پناہ گاہیں قائم کرنے سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سندھ یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کی استاد پروفیسر ڈاکٹر غزالہ پنہور نے کہا کہ مردانہ بالادستی والے معاشرے میں خواتین سے متعلق کئی معاملات کو غیر اہم سمجھا جاتا ہے اور خواتین کی مرضی کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی۔ یہاں تک کہ خواتین کو اپنی زندگی کا ساتھی منتخب کرنے جیسے اہم فیصلے کا اختیار بھی نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مردوں اور خواتین کے درمیان تفریق کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔اس موقع پر سینٹر فار رورل ڈیولپمنٹ کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد علی کھوڑو نے شریک مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیمینار کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے نئی نسل میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سیمینار میں سندھ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ ممبر اور شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم نظامانی، شعبہ اکنامکس کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر امبرین زیب خاصخیلی، پروفیسر ڈاکٹر کرن سمیع، پروفیسر ڈاکٹر بشیر میمن، ڈاکٹر فرحین قاسم نظامانی، ڈاکٹر شازیہ شہاب شیخ، ڈاکٹر جان عالم سولنگی، ڈاکٹر رمضان پہوڑ اور فرزانہ بلوچ سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔