جامعہ سندھ کے شعبہ سندھی کی جانب سے کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے موضوع پر سیمینار منعقد، وائس چانسلر نے صدارت کی
جامعہ سندھ کے شعبہ سندھی کی جانب سے کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں کاروباری منصوبہ بندی، جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ شعبے کے ڈاکٹر عبدالجبار جونیجو ہال میں منعقدہ اس سیمینار کی صدارت جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) نے کی، جبکہ علامہ غلام مصطفیٰ قاسمی چیئر کے ڈائریکٹر اور شعبہ سندھی کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر قاضی خادم نے اعزازی مہمانِ کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ موجودہ دور میں کاروباری رجحانات میں اضافے کے باعث کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صلاحیتیں نوجوانوں کو ملازمتوں کی تلاش میں وقت ضائع کرنے کے بجائے کاروبار کی طرف راغب ہونے اور کامیاب تجربات کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں کامیابی کے لیے بہترین منصوبہ بندی، تخلیقی سوچ، مستقل مزاجی کے ساتھ مسلسل محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا ہنر سیکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ عملی مہارتیں اور کاروباری شعور بھی فراہم کریں، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اہم موضوع پر سیمینار منعقد کرنے پر شعبہ سندھی کے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی دی۔ اس سے قبل شعبہ سندھی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نور محمد شاہ نے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر سمیت تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سیمینار کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی پروفیسر ڈاکٹر نویدہ کٹپر نے ’’کاروباری منصوبہ بندی کیسے کی جائے؟‘‘ کے موضوع پر آگاہی لیکچر دیا۔ اپنے لیکچر میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کاروبار شروع کرنے سے قبل اس کی منصوبہ بندی ضروری ہے، جس میں مارکیٹ کی ضروریات، کاروباری لوکیشن، مصنوعات کا معیار، انفرادیت اور تشہیر کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی کے شروع کیے گئے کاروبار سے مطلوبہ کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے اس دور میں آن لائن کاروبار کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور گھر بیٹھے خاطر خواہ آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے کاروباری مہارتوں کا ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام افراد کے مقابلے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد زیادہ بہتر انداز میں کاروبار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کاروباری مہارتیں سیکھیں۔سیمینار کی نظامت کی ذمہ داری شعبہ سندھی کی استاد اور شہید بینظیر بھٹو چیئر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ریحانہ ملاح نے انجام دی۔ سیمینار میں شعبہ سندھی کے اساتذہ ڈاکٹر فیاض لطیف، ڈاکٹر نواب کاکا، ڈاکٹر مخمور بخاری، ڈاکٹر شازیہ پتافی سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔