جامعہ سندھ کے فزیالوجی شعبے میں دوسرے اور تیسرے سال کے طلبہ و طالبات میں پوسٹر مقابلے، طالبات طلبہ کو مات دے کر اہم پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

 جامعہ سند ھ جامشورو کے فزیالوجی شعبے کی جانب سے پوسٹر مقابلہ منعقد کرایا گیا، جس میں فزیالوجی کے تیسرے سال کے طلبہ وطالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ پوسٹر مقابلوں میں طالبات نے طلبہ کو مات دے کر پوزیشنیں سمیٹ لیں۔ فزیالوجی تیسرے سال کے طلبہ و طالبات نے ”ہم اپنے اردگرد کی دنیا کو کیسے دیکھتے ہیں“ کے موضوع پر پوسٹرز تیار کیے، جو کہ مقابلے کیلئے پیش کیے گئے۔ اسی طرح فزیالوجی کے دوسرے سال کے طلبہ و طالبات نے ”انسان کی جینیاتی بناوٹ“ کے موضوع پر پوسٹر مقابلے میں حصہ لیا۔ مقابلے میں جیوری کمیٹی میں بھٹائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے پروفیسر ڈاکٹر اقبال میمن، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر خالدہ شیخ اور ڈاکٹر ارسلان عقیلی نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی نائب صدر پاکستان فزیالوجیکل سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز میمن تھے۔ پروگرام کی صدارت ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وزیر علی بلوچ نے کی۔ اس موقع پر پروگرام کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی لغاری، سیکریٹری ڈاکٹر ایاز علی سموں و دیگر بھی موجود تھے۔ مقابلوں میں فزیالوجی تیسرے سال کی طالبہ عائشہ نے پہلی پوزیشن، منیبہ دوسری اور مصباح نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح دوسرے سال کے مقابلے میں طالبہ بسمہ نے پہلی، لائبہ نے دوسری اور پرتاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر وزیر علی بلوچ نے کہا کہ فزیالوجی اہم شعبہ ہے، جس میں اچھے طریقے سے تعلیم حاصل کرکے اہم عہدوں پر فائز ہوا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹر مقابلوں میں شرکت کرکے محسوس ہوا کہ یہاں کے طلباءکی کارکردگی مثالی ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار لغاری نے کہا کہ پوسٹر مقابلوں سے طلبہ و طالبات میں اعتماد بحال ہوتا ہے اور مقابلے کی صورتحال میں بہت کچھ سیکھتے ہیں۔