شیخ الجامعہ سندھ کا کورونا وائرس کی ویکسین کیلئے قائم کردہ ویکسینیشن سینٹر کا دورہ، انتظامات پر اظہار اطمینان، کووڈ-19 کے خلاف اسی جذبے کے ساتھ احتیاط کی جائے، شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے بینظیر کنوینشن سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر قائم کووڈ-19 ویکسینیشن سینٹر کا جائزہ لیا۔ جامعہ سندھ کے ملازمین و طلباءکی کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کیلئے ویکسینیشن سینٹر کا قیام بینظير کنوینشن سینٹر میں عمل میں لایا گیا تھا، جہاں شیخ الجامعہ نے دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا اور فوکل پرسن ڈاکٹر فرحان زیب خاصخیلی کی کاوشوں اور انتظامات کو سراہا۔ شیخ الجامعہ نے مرد و خواتین کیلئے قائم کیے گئے الگ الگ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور کہا کہ کورونا وائس کے کیسز میں کمی ضروری ہوئی ہے، لیکن اس سے بچاﺅ کیلئے احتیاط اتنا ہی کرنا ہے، جتنا کہ ابتدائی ایام میں کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کورونا کے خلاف حکومت سندھ کے کوششوں میں پیش پیش رہی، جس کی وجہ سے یہ مرض کم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت اب بھی ہے۔