جامعہ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات 28 دسمبر سے 7 جنوری 2022ءتک کرنے کا فیصلہ، بیچلر پروگرام کے دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں سال کی کلاسز کا آغاز 10 جنوری سے ہوگا،ایم فل و پی ایچ ڈی کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات 14 فروری سے شروع ہونگے
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت پرو وائس چانسلر، فوکل پرسنز، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، کچھ شعبوں کے سربراہان و انتظامی حکام کا اہم اجلاس گزشتہ روز وی سی سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی پلان کی منظوری دی گئی، جس کے تحت 28 دسمبر سے 7 جنوری 2022ءتک موسم سرما کی تعطیلات کرنے اور 14 فروری 2022ءسے ایم فل و پی ایچ ڈی کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات منعقد کرانے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں بیچلر و ماسٹر ڈگری پروگرامز تعلیمی سال 2022ءکیلئے سلیکشن کے مرحلے سے متعلق تفصیلی غور کیا گیا اور ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو کی جانب سے ہاﺅس کو بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد بورڈ کے کامرس اور میرپورخاص بورڈ کے امتحانی نتائج کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا، جس کی وجہ سے بیچلر پروگرام میں داخلوں میں دیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کا تمام کام مکمل ہے، جیسے ہی امتحانی نتائج کا اعلان ہوا تو میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ ماسٹر پروگرامز کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ماسٹرز میں جتنے امیدواروں نے درخواستیں دیں، ان میں سے آدھے امیدواروں نے فارم مکمل طور پر پُر کیا، تاہم آدھے امیدواروں نے ابھی تک سرٹیفکیٹس اپ لوڈ نہیں کیے، اس کی ایک وجہ مختلف جامعات کی جانب سے ابھی تک امتحانی نتائج کا جاری نہ کرنا ہے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ ماسٹرز کی پہلی میرٹ لسٹ جاری کی جائے اور جیسے ہی باقی امیدوار مطلوبہ سرٹیفکیٹس جمع کرائیں تو ان کے داخلے بعد میں مختلف شعبوں موجود نشستوں کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ بیچلر ڈگری پروگرامز میں مطلوبہ سرٹیفکیٹس اپ لوڈ کرنے کیلئے 31 دسمبر 2021ءتک تاریخ میں توسیع کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ ایم فل و پی ایچ ڈی کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات 14 فروری سے لیے جائیں گے، تاہم امتحانی نتائج یکم مارچ پر جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بیچلر ڈگری پروگرامز کی سینئر بیچز یعنی سیکنڈ، تھرڈ، فورتھ و ففتھ کے طلباءکی کلاسز موسم سرما کی تعطیلات کے بعد 10 جنوری 2022ءسے چلائی جائیں گی، تاہم تعلیمی سال 2022ءکے تحت داخل طلباءکی کلاسز چلانے سے متعلق حتمی فیصلہ داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ 3 سالہ ایل ایل بی حصہ اول کے سالانہ امتحانی نتائج 30 دسمبر تک جاری کیے جائیں گے۔ ایل ایل بی حصہ دوم کے نتائج 10 جنوری 2022ءیا اس سے پہلے اور ایل ایل بی حصہ سوم کے نتائج کے 17 جنوری یا اس سے پہلے جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس میں شیخ الجامعہ کی زیر صدارت تعلیمی پلان اس لیے جاری کیا گیا تاکہ کورونا وائرس کی جہ سے ہونے والے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے جامعہ کو اکیڈمک کیلنڈر پر لایا جا سکے، جس سے طلبہ و طالبات کا فائدہ ہوگا اور انہیں وقت پر ڈگریاں مل سکیں گی۔