جامعہ سندھ اور حبیب بینک کے مابین فیس کلیکشن کو بذریعہ ون لنک ڈجیٹائز کرنے کیلئے معاہدہ، مادر علمی کی جانب سے ڈائریکٹر فنانس اور بینک کی جانب سے ریجنل ہیڈ ڈسٹریبیوشن حیدرآباد نے ایم او یو پر دستخط کیے

 جامعہ سندھ جامشورو اور حبیب بینک لمیٹڈ کے مابین جامعہ کی فیس کلیکشن کو بذریعہ ون لنک ڈجیٹائز کرنے کے سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت طلبہ و طالبات ملک بھر میں کہیں سے بھی کسی بھی بینک کی ایپ کے ذریعے سرٹیفکیٹس، اسناد و داخلہ فیس جمع کرا سکیں گے۔ تاہم پرنٹڈ چالان وغیرہ کی بھی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ اس سلسلے میں ایک تقریب جامعہ سندھ کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہا ل میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کی۔ تقریب میں جامعہ کی جانب سے ڈائریکٹر فنانس ذیشان میمن اور حبیب بینک لمیٹڈ کی جانب سے ریجنل ہیڈ ڈسٹریبیوشن حیدرآباد پرویز احمد پنہور نے شیخ الجامعہ سندھ کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ جامعہ سندھ جامشورو نے شروع سے لیکر آج تک حبیب بیک کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا، مفت بجلی کی سہولت مہیا کی اور عمارت کا کوئی کرایہ وصول نہیں کیا تاکہ وہ جامعہ سندھ کے ملازمین، پینشنرز و طلباءکو بہترین بینکنگ کی سہولیات فراہم کر سکے، لیکن بینک کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈمن بلاک (اے سی ٹو) میں بینک کاﺅنٹر موجود ہے، جہاں مطلوبہ سہولیات و سروسز فراہم نہیں ہو رہیں۔ اے ٹی ایم مشین کی اے سی ٹو برانچ میں بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ 48 ہزار طلباء، 3 ہزار ملازمین و 1800 پینشنرز اور کام کے سلسلے میں یونیورسٹی آنے والے لوگوں کے فائدے کیلئے کیا ہے، اب فیس جمع کرانے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے، بینک اپنی سہولیات و سروسز کو بہتر بنائے، اے سی ٹو کے باہر اے ٹی ایم مشین نصب کی جائے۔ اس موقع پر بینک حکام نے امپورٹ پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پابندی ختم ہوتے ہی اے ٹی ایم مشین لگوانے کی یقین دہانی کرادی۔