جامعہ سندھ میں انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کی جانب سے عالمی عید میلادالنبی کانفرنس کا انعقاد، قرآن مجید کو خطاطی کے ذریعے 4 بار مکمل کرنے والے عبدالغنی بگھیو، ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈاکٹر بھوانی شنکر، ڈاکٹر صاحبزاد علی سکندری و دیگر کی شرکت

 جامعہ سندھ جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز (عربی و فارسی) کی جانب سے عالمی عید میلادالنبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں محققین، ماہرین تعلیم و علماءنے نبی آخرالزماں حضرت محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت سے لیکر ان کی پوری حیات طیبہ اور دین و انسانیت کیلئے کی گئی بے لوث خدمات پر روشنی ڈالی۔ میلاد کانفرنس آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑوکی جانب سے ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی نے کی، تاہم ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز ڈاکٹر صاحبزاد علی سکندری، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، مہران یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر، ذاکر علی شیخ، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور، پروفیسر نظر حسین چانڈیو، ڈاکٹر بشیر احمد رند، محمد معشوق صدیقی، ڈاکٹر ناہید آرائیں و دیگر نے شرکت کی۔ کانفرنس کو برطانیہ سے پروفیسر حافظ منیر احمد الزہاری نے خطاب کرتے ہوئے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو تفصیلاً بیان کیا اور اس پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے قرآن مجید کو 4 بار ہاتھوں سے لکھنے والے عبدالغنی بگھیو نے کہا کہ پاک کتاب کا قلمی نسخہ لکھنے کا خیال انہیں 2001ءمیں آیا، جو کہ انہوں نے 2007ءمیں مکمل کیا، جس کے بعد دوسری بار قرآن مجید کو خطاطی کے ذریعے 2010ءمیں مکمل کیا۔ لکھائی اچھی نہ ہونے کہ وجہ سے وہ کیلیگرافی سیکھنے کی غرض سے پنجاب کے ایک ماہر کے پاس گئے۔ جس کے بعد انہوں نے 2 بار پھر پاک کتاب لکھ کر مکمل کیا۔ عبدالغنی بگھیو کا کہنا تھا کہ جامعہ سندھ میں زیر تعلیم طلباءقرآن مجید کی تلاوت، نماز پنجگانہ اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر ہر وقت درود پاک پڑھتے رہیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ ڈاکٹر ناہید آرائیں نے اپنی تقریر میں نبی پاک ﷺ کی ولادت سے سے قبل اور بعد ان کی والدہ ماجدہ حضرت بی بی آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو پیش آنے والے معجزات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا بھر میں اسلام کی معلومات و علم کا چراغ روشن کیا، جس نے تاریکی میں ڈوبے کئی دلوں کو منور کیا۔ انہوں نے کہا آج ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ حضور ﷺ کے تعلیمات کو عام کریں اور ان کا میلاد منا کر گھروں، عمارتوں و مساجد کو منور کریں۔ نبی پاک ﷺ سے حقیقی محبت کرکے انسان اپنی دنیا و آخرت کو سنوار سکتا ہے۔ کانفرنس میں پروفیسر نظر حسین چانڈیو نے سندھی میں مولود شریف سنا کر حاضرین کے دلوں میں نبی پاک ﷺ کی محبت کو تازہ کیا۔ اس کے بعد عبدالغنی بگھیو اور ڈاکٹر صاحبزاد علی سکندری نے اجتماعی دعا کرائی۔ بعد ازاں مہمانوں نے وائس چانسلر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں قرآن پاک کا علمی نسخہ دکھایا۔