جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا انعقاد، طلباء نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا، نوجوانوں میں خوشی کی لہر
جامعہ سندھ جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کی جانب سے سالانہ دو روزہ اسپورٹس گالا کا آغاز ہو گیا ہے۔ حیدر بخش جتوئی پویلین میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کو دیکھنے کے لیے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں شریک طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر پروفیسر ڈاکٹر عبدالفتاح سومرو، پروفیسر ڈاکٹر فریدہ یاسمین پنہور،ڈاکٹر طارق حسن عمرانی، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی برڑو، ڈاکٹر ثناء اللہ انصاری، ڈاکٹر عبدالحمید پنہور و دیگر اساتذہ اور سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ اسپورٹس گالا کو زبردست پذیرائی ملی، جس میں 200 سے زائد طلبہ و طالبات نے میراتھن ریس، کرکٹ، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، شطرنج اور ٹگ آف وار جیسے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ کھیل معاشرے کی بہتری اور روزمرہ کی زندگی میں توازن لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل طلباء کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ طلباء کی جسمانی صحت کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب صرف کھیلوں کے حوالے سے ہی نہیں ہے بلکہ طلباء میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اہم ہے۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، اس لیے جامعہ سندھ طلبہ کے مسائل کو اہمیت دے رہی ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلباء مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء میں ایمان، نظم و ضبط، احترام اور اتحاد کا جذبہ پیدا کریں تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر ڈاکٹر عبدالفتاح سومرو نے کہا کہ توانا جسم اور اچھی زندگی کے لیے صحت مند ذہن ضروری ہے، اس لیے شعبہ انگریزی کی جانب سے طلباء کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ طلباء کو مثبت و صحت مند ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں، کیونکہ طلبہ کو ذہنی طور پر صحت مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی صرف تعلیمی ترقی ہی کافی نہیں ہے بلکہ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل طلباء میں جذبہ اور نظم و ضبط پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کے دوران طلباء میں کھیل کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے میراتھن ریس، کرکٹ، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے ان میں برداشت و تحمل کا جذبہ پیدا ہوگا۔ بعد ازاں کھلاڑیوں نے میراتھن ریس اور ٹگ آف وار میں اپنی کارکردگی دکھائی۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات کی مختلف کرکٹ ٹیموں کے درمیان الگ الگ میچز بھی کروائے گئے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں آج (بدھ کو) بھی جاری رہیں گی، جس کے بعد شام کو اختتامی تقریب ہوگی، جس میں مختلف مقابلوں میں جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔