کراچی میں جاپانی قونصل جنرل ہٹوری مسارو کا جامعہ سندھ کا دورہ، ایریا اسٹڈی سینٹر کو جاپانی تاریخ، زبان و ثقافت کے موضوع پر 38 نایاب کتب کا تحفہ پیش، دسمبر 2023ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار جامعہ سندھ کا دورہ کرنے پر خوشی ہوئی ہے
کراچی میں جاپانی قونصل جنرل ہٹوری مسارو نے اپنے 3 رکنی وفد سمیت جامعہ سندھ جامشورو کا دورہ کیا اور ایریا اسٹڈی سینٹر کو لائبریری کیلئے جاپانی زبان، ثقافت، تاریخ، تہذیب و سیاست کے موضوعات پر مبنی 36 انمول کتب کا تحفہ پیش کیا۔ جاپان کی نیپون فاؤنڈیشن کی جانب سے ریڈ جاپان پروجیکٹ کے تحت تصنیف کی گئی کتب قونصل جنرل نے ایک رسمی تقریب کے دوران ایریا اسٹڈی سینٹر کی لائبریری کیلئے سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی کے حوالے کی۔ مذکورہ کتب کی فراہمی کا مقصدجامعہ سندھ کے طلباءو اسکالرز کیلئے جاپانی معاشرے، زبان، ثقافت و سیاست کو سمجھنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ ایریا اسٹڈی سینٹر کے آسیان ہال میں کتاب دینے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں رٹائرڈ ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز ڈاکٹر وزیر علی بلوچ، ڈاکٹر انیلہ ناز سومرو، ڈاکٹر واحد منگریو، ڈاکٹر ماجد نوناری، پروفیسرغلام مرتضیٰ کھوسو، جاپانی معاشی محقق مستودا کارو نوری، وائس قونصل کوجی سوموتو، اسسٹنٹ برائے ثقافتی امور رابعہ علی اور اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل ہٹوری مسارو نے گزشتہ دسمبر کو اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار جامعہ سندھ کا دورہ کرنے کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان و جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتے ہوئے ریڈ جاپان پراجیکٹ کے ذریعے ثقافتی تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپون فاؤنڈیشن کی جانب سے ریڈ جاپان پراجیکٹ ایک عطیہ مہم ہے، جس کا مقصد پوری دنیا میں لائبریریوں، تحقیقی وتعلیمی اداروں میں نایاب کتب تقسیم کرنا ہے تاکہ جاپانی ثقافت، روایات، تاریخ اور مزید کچھ چیزوں کی سمجھ کو فروغ دلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کتب جاپانی و غیر جاپانی اسکالرز، صحافیوں و دیگر مصنفین کی تحریر کردہ ہیں، جن سے جاپان کی سیاست،بین الاقوامی تعلقات، معاشیات، ثقافت و ادب سمیت کئی موضوعات کو سمجھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء و اسکالرز کی جاپانی زبان کے مطالعے میں دلچسپی بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی نے اپنے سینٹر اور جاپانی قونصلیٹ کے درمیان پرانے تعلیمی مراسم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی رہنمائی میں ایریا اسٹڈی سینٹر مکمل طور پر فعال و مصروف عمل ہے، جو مختلف قونصل خانوں اور سفارتخانوں بالخصوص قونصلیٹ جنرل آف جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء کو جاپانی زبان سکھانے کیلئے فروری 2022ء میں پاکستان جاپان انٹیلکٹ فورم کے ساتھ مفاہمت کے یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت 40 سے زائد طلباء جاپانی زبان کے بنیادی کورسز مکمل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر ایم کے کھٹوانی 38 کتب کی فراخدلانہ فراہمی پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتب جاپانی معاشرے، زبان، ثقافت و تاریخ سے متعلق ہمارے طلباء کی سمجھ میں نمایاں اضافہ کریں گی۔ آخر میں ڈاکٹر وزیر علی بلوچ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں دونوں ممالک کے قومی ترانی بھی بجائے گئے۔