جامعہ سندھ اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط، دونوں ادارے فیکلٹی کے تبادلے، تعلیمی، تربیتی و تحقیقی منصوبوں پر ملکر کام کریں گے،
جامعہ سندھ جامشورو اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ جامعہ سندھ کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کی جانب سے ادارے کے صدر اور نارتھ کیرولینا یونیورسٹی آف امریکا کے ڈپارٹمنٹ آف لینگویج اینڈ لٹریچر کے پروفیسر ڈاکٹر میتھیو اے کوک نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے اعلیٰ تعلیمی میدان میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دلانے، اسکالرز کے تربیتی پروگرام کو یقینی بنانے، ان کی تعلیمی مقام کا تعین کرنے، معلومات و اساتذہ کے تبادلے، وسائل کو مزید مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور دونوں ملکوں کی اکیڈمک کمیونٹیز کی خدمات کو فائدہ مند بنانے کیلئے ملکر کام کریں گے۔ معاہدہ ابتدائی طور پر 3 سال تک برقرار رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ کے وی سی آفس میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایم او یو پر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور میتھیو اے کوک نے دستخط کیے۔ تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈائریکٹر پاکستان اسٹڈی سینٹر پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، شعبہ اینتھراپالاجی کے نوجوان محقق ڈاکٹر عبدالرزاق چنہ، چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف ہسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد شیخ، کنسلٹنٹ امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیزسعدیہ اور چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر فیصل شاہ بھی موجود تھے۔ اس حوالے سے مختلف شعبوں کے اساتذہ کیلئے پاکستان میں تربیتی ورکشاپ منعقد کیے جائیں گے اور اساتذہ کو امریکا بھی بھیجا جائے گا۔ معاہدے کے تحت جامعہ سندھ امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے اسکالرز کیلئے فیکلٹی مینٹرنک ورکشاپ منعقد کرنے اور دیگر مشترکہ اقدامات کے مؤثر نفاذ کو یقنیی بنانے کیلئے لاجسٹک مدد فراہم کرے گی۔ ایم او یو کے مطابق جامعہ سندھ جامشورو اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز مشترکہ طور پر امریکا سے آنے والے اسکالرز کیلئے تعلیمی لیکچرز و سیمینار کا اہتمام کریں گے۔ معاہدے کے تحت امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز اپنے، جامعہ سندھ و امریکا میں انسٹیٹیوٹ کے ممبران کے درمیان تعلیمی شراکت داری کی حوصلہ افزائی و سہولیاتی فراہم کرے گا۔ ان تعلیمی شراکت داروں میں معلومات کا تبادلہ، باہمی علمی دلچسپی کے موضوعات پر دو طرفہ تحقیقی اور آمنے سامنے یا ورچوئل لیکچر زو سیمینارز شامل ہونگے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے باہمی دلچپسی والے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور ایڈہاک پروگرام شروع کرنے پر متفق ہیں۔ مذکورہ تعلیمی معاہدہ ابتدائی طور پر تین سال کیلئے نافذ العمل ہوگا، جس کو دو طرفہ رضامندی سے بڑھایا یا ختم کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ جامعہ سندھ اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یہ یادداشت سندھ میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دلانے کیلئے مختلف تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں اضافے کے سلسلے میں تعاون کیلئے ایک اہم معاہدہ ہے، جس سے دونوں ملکوں کے اساتذہ و اسکالرز کو تعلیمی، تدریسی و تحقیقی حوالے سے بہت فائدہ پہنچے گا۔