جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2024ء کے تحت ایم فل کے 34 اور پی ایچ ڈی کے 28 شعبوں میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کل (12 جون) ہوگا، مجموعی طور پر 918 امیدوار شرکت کریں گے، 4 مختلف امتحانی مراکز قائم، گیٹ سبجیکٹ پاس پی ایچ ڈی امیدوار ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار
جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2024ء کے تحت ایم فل کے 34 اور پی ایچ ڈی کے 28 شعبوں میں داخلوں کیلئے مجموعی طور پر 918 امیدواروں سے ٹیسٹ کل 12 جون کو لیا جائے گا۔ ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو نے ٹیسٹ کیلئے 4 امتحانی مراکز قائم کرنے سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2024ء کے تحت ایم فل کے 34 شعبوں میں داخلوں کیلئے 784 اور پی ایچ ڈی کے 28 شعبوں میں داخلوں کیلئے 134 امیدوار کل انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرکے اپنی قسمت آزمائیں گے۔ ہائیرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جنرل پالیسی کے تحت اس بار جامعہ سندھ ایم فل و پی ایچ شعبوں میں داخلوں کیلئے خود پری انٹری ٹیسٹ لے رہی ہے۔ ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو نے اس ضمن میں بتایا کے ڈیٹا سائنس، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر انجنیئرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن انجنیٍئرنگ میں ایم فل و پی ایچ ڈی کے داخلوں کیلئے فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ انگریزی و سندھی میں ایم فل و پی ایچ ڈی کے خواہشمندوں کیلئے امتحانی مرکز انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس ایڈمنسٹریشن، کامرس، فارمیسی، باٹنی و زولاجی میں ایم فل و پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ میں منعقد کیا جائے گا، تاہم سوشل سائنسز کے تمام شعبوں، ایجوکیشن، اسلامک کلچر و نیچرل سائنسز (زولاجی و باٹنی کے علاوہ) کے شعبوں میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنسز میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گیٹ سبجیکٹ پاس پی ایچ ڈی امیدوار انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے سے مستثنیٰ ہونگے، تاہم ٹیسٹ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہوگا۔ ڈاکٹر آفتاب چانڈیو کے مطابق ایم فل و پی ایچ ڈی کی سوال ناموں میں 50 فیصد متعلقہ سبجیکٹ کے سوالات ہونگے، 20 فیصد انگریزی، 15 فیصد کوالیٹیٹو ریزننگ اور 15 فیصد اینالیٹیکل ریزنننگ کے سوالات شامل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم فل میں داخلوں کیلئے پاسنگ اسکور 100 میں سے 50 فیصد اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے پاسنگ اسکور 60 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے سوال ناموں سے متعلق ماڈل پیپرز جامعہ کی ویب سائٹ sutc.usindh.edu.pk پر پہلے سے ہی جاری کیے گئے ہیں۔