جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2024ء کے تحت ایم فل و پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد، 900 سے زائد امیدوار شریک، وی سی ڈاکٹر کلہوڑو کا پی وی سیز، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز، ڈینز، سنڈیکیٹ اراکین و ناظم سیمسٹر امتحانات کے ہمراہ امتحانی مراکز کا دورہ

 جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2024ء کے تحت ایم فل کے 34 اور پی ایچ ڈی کے 28 تعلیمی شعبوں میں داخلوں کے لیے سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر کی جانب سے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا٬ جس میں مجموعی طور پر 918 امیدواروں نے حصہ لیا٬ جن میں 784 ایم فل اور 134 پی ایچ ڈی پروگرام کے امیدوار شامل تھے۔شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا٬ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی وی سی مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، پی وی سی لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، پی وی سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ پروفیسر ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر حماد اللہ کاکیپوٹو، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز ڈاکٹر آغا اسد نور، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر عبدالستار عالمانی، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر عقیل احمد بھٹو، سنڈیکیٹ اراکین پروفیسر امید علی رند، عبدالرحمان نانگراج، ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی زیدی، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر الطاف نظامانی و دیگر  بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے امتحانی مراکز میں جا کر امتحانی عمل کا جائزہ لیااور امیدواروں سے پرچوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر  آفیشل یوٹیوب چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ 34 ایم فل اور 28 پی ایچ ڈی ڈسیپلن کے لیے مختلف ایم سی کیوز قسم کے الگ اگ سوالیہ پرچے تیار کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر نے این ٹی ایس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اورامیدوراوں سے ان کے متعلقہ مضامین میں بین الاقوامی معیار کے ٹیسٹ کا انعقادکیا۔واضح رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد کی جنرل پالیسی کے تحت سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کے لیے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس، انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ، انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں امتحانی مراکز قائم کرکے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ڈیٹا سائنس، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ہوا تاہم انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر میں انگریزی اور سندھی میں ایم فل و پی ایچ ڈی کے امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔اسی طرح انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ میں بزنس ایڈمنسٹریشن، کامرس، فارمیسی، باٹنی اور زولوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں کے لیے ٹیسٹ لیا گیا۔انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں سوشل سائنسز کے تمام مضامین، ایجوکیشن، اسلامک کلچر اور نیچرل سائنسز (زولاجی اور باٹنی کے علاوہ) کے تمام شعبوں کے امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو نے کہا کہ ٹیسٹ کے بخوبی انعقاد کے لیے تمام انتظامات کیے گئے تھے، جس میں چار امتحانی مراکز کا قیام بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی کے امیدوار جنہوں نے پہلے ہی این ٹی ایس کے ذریعے گیٹ جنرل یا گیٹ مضمون کا امتحان پاس کیا ٬ انہیں یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ دینے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ ٹیسٹ صبح 10:35 بجے شروع ہوا اور 100 منٹ تک جاری رہا۔ ڈاکٹر آفتاب چانڈیو کے مطابق ایم فل و پی ایچ ڈی کے سوالناموں میں 50 فیصد متعلقہ سبجیکٹ کے سوالات شامل تھے، 20 فیصد جنرل انگریزی، 15 فیصد  کوالیٹیٹو ریزننگ اور 15 فیصد اینالیٹیکل ریزنننگ کے سوالات شامل  کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم فل میں داخلوں کیلئے پاسنگ اسکور 100 میں سے 50 فیصد اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے پاسنگ اسکور 60 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز ہی کیا گیا تھا۔