جامعہ سندھ جامشورو میں یوم دفاع کے موقع پر شیخ الجامعہ کی زیر قیادت ریلی، نمائش کا بھی اہتمام، شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

جامعہ سندھ جامشورو میں گزشتہ روز یوم دفاع پاکستان منایا گیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈ اکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر قیادت واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران مسلح افواج کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کے خلاف بے مثال جرئت اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔سندھ یونیورسٹی کے بیورو آف اسٹیگس نے یوم دفاع کی مناسبت سے ایک واک کا اہتمام کیا، جس کی قیادت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کی۔ واک میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمن کھومباٹی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، سنڈیکیٹ کی رکن پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر صنوبر رحمان شیخ، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آغا اسد نور، انسپکٹر آف کالجز ڈاکٹر ذوالفقار علی زیدی، ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی، ناظم سالانہ امتحانات شاہد حسین لاڑک، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر پروفیسر ڈاکٹر عبدالفتاح سومرو، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر کرن سمیع میمن اور دیگر اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ واک آرٹس فیکلٹی بلڈنگ سے شروع ہوکر سینٹرل لائبریری تک گئی اور پھر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ ملک و افواج پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے اپنے خطاب میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا دلیری سے مقابلہ کیا اور عوام کی حمایت سے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع نے ہمارے وطن کی حفاظت کے لیے قربانی اور یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا اور پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے ناقابل تسخیر رشتے کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو 6 ستمبر کی تقریبات میں شریک کرنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان اور ان بہادر فوجی افسران و جوانوں کی قربانیوں سے آگاہ ہو سکیں، جنہوں نے بہادری سے جنگ لڑی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ سندھ ہر سال اس دن کو عقیدت اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی رہے گی۔ انہوں نے فوج کی خدمات کو سراہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ ڈ اکٹر کلہوڑو نے کہا کہ پاک فوج 6 ستمبر کو قومی یوم دفاع کے طور پر مناتی ہے، پاک فضائیہ 7 ستمبر کو اور پاک بحریہ 8 ستمبر کو یہ دن مناتی ہے۔ ادھر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی جانب سے بینظیر آرٹ گیلری میں شہداء کی تصاویر، فوجی آلات اور مشینری کی نمائش منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر نے اس نمائش کا افتتاح کیا۔ پرو وائس چانسلرز، رجسٹرار و دیگر نے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر سعید احمد منگی، پروفیسر نعمت اللہ خلجی، پروفیسر خلیق مہیسر، ڈاکٹر نیاز احمد بھٹو، ڈاکٹر نور محمد شاہ، ڈاکٹر مخمور بخاری و دیگر بھی موجود تھے۔