جامعہ سندھ کے ایڈیشنل رجسٹرار عبدالمجید پنہور کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب
جامعہ سندھ کے ایڈیشنل رجسٹرار عبدالمجید پنہور اپنی طویل اور کامیاب سروس کے بعد ریٹائر ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی سربراہی میں وائس چانسلر کے دفتر میں ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمن کھنباٹی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ساجد قیوم میمن، محمد معشوق صدیقی، اجوید بھٹی، ندیم بٹ، نادر علی مغیری، ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو، محمد علی گھانگھرو، احمد علی کنبھار، علی رستمانی سمیت دیگر افسران و عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو، پرو وائس چانسلرز و دیگر نے عبدالمجید پنہور کو سندھی اجرک اور ٹوپیاں پہنائیں جبکہ انہیں گلدستے بھی پیش کیے گئے۔ ریٹائر ہونے والے افسر کے دونوں بیٹے بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے عبدالمجید پنہور کو ایک دیانتدار اور محنتی افسر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور ایمانداری سے نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالمجید پنہور جیسے مخلص اور باصلاحیت افسران ادارے کا فخر ہوتے ہیں، ان کی خدمات جامعہ سندھ کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ادارے کو ہمیشہ ترقی ملی۔ ڈ اکٹر کلہوڑو نے مزید کہا کہ ہم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، اور ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔ عبدالمجید پنہور نے اپنی پوری زندگی جامعہ سندھ کے لیے وقف کر دی اور ان کی محنت اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں ریٹائر ہونے والے افسر کو خوشگوار زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا۔