جامعہ سندھ جامشورو کا تعلیمی کانووکیشن 2019-2023ء آئیندہ ماہ کے آخری ہفتے میں منعقد کرنے کا اعلان، کانووکیشن میں اسناد اور سلور و گولڈ میڈل لینے کیلئے آن لائن رجسٹریشن جاری، 17 ستمبر آخری تاریخ مقرر

 جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے تعلیمی کانووکیشن 2019-2023ء آئیندہ ماہ (اکتوبر) کے آخری ہفتے میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانووکیشن میں اسناد اور سلور و گولڈمیڈل لینے کیلئے 2019ء سے 2023ء تک پاس آؤٹ ہونے والے طلبہ و طالبات آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، جس کیلئے آخری تاریخ 17 ستمبر 2024ء مقرر کئی گئی ہے۔ کانووکیشن میں جامعہ سندھ جامشورو، اس کے تمام کیمپسز و ملحقہ کالجز سے بی ایس، ایم ایس سی یا ایم اے مکمل کرنے والے گریجویٹس اپنی اسناد لے سکیں گے۔ کانووکیشن میں ان اسکالرز کو بھی اسناد دی جائیں گی، جنہوں نے 2019ء، 2020ء، 2021ء، 2022ء اور 2023ء  میں ایم ایس، ایم فل و پی ایچ ڈی مکمل کی۔ تعلیمی کانوووکیشن انسان کی زندگی و کیریئر میں یادگار کے طور پر بہترین دن ہوتا ہے، اس لیے جامعہ سندھ کی جانب سے اکتوبر 2024ء کے آخری ہفتے میں منعقد ہونے والے کانووکیشن میں دلچسپی رکھنے والے گریجویٹس آن لائن درخواستیں جامعہ سندھ کی ویب سائٹ https://convocation.usindh.edu.pk پر جمع کرا سکتے ہیں، جہاں درخواست کی تکمیل کے عمل کو آسان فہم زبان میں تفصیلا ًپیش کیا گیا ہے۔ ایسے گریجویٹس اور ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز جو پہلے ہی اپنی اسناد وصول کر چکے ہیں، انہیں ڈگری فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، انہیں صرف کانووکیشن کی فیس جمع کرانی ہوگی۔ پوزیشن ہولڈر طلباء کو سونے اور چاندی کی تمغے بغیر کسی فیس کے دیئے جائیں گے۔ اس ضمن میں مزید معلومات اور درخواست جمع کرانے کیلئے گریجویٹس کو یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردہ ہدایات کو بغور پڑھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔