جامعہ سندھ میں 409 طلباء میں ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کے اسکالرشپ چیک تقسیم کیے گئے، وائس چانسلر نے تقریب کی صدارت کی، ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی طالب علم مالی مسائل کی بناء پر تعلیم ادھوری نہ چھوڑے، اس لیے زیادہ سے زیادہ اسکالرشپس کے حصول کیلئے کوششیں کر رہے ہی

 شیخ الجامعہ سندھ جامشورو  پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 409 مستحق طلبہ و طالبات میں ایک کروڑ 59 لاکھ 59 ہزار 350 روپے کے اسکالرشپ چیک تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق نیڈکم میرٹ اسکالرشپ کے تحت وائس چانسلر نے مجموعی طور پر 348 مستحق طلباء کو ایک کروڑ 35 لاکھ 72 ہزار روپے کے چیک دیئے، تاہم سندھ ایجوکیشنل انڈوومنٹ اسکالرشپ کے تحت 61 طلبہ و طالبات میں مجموعی طور پر 23 لاکھ 87 ہزار 350 روپے کے الگ الگ چیک تقسیم کیے۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے  قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، چیئرمین ضلع زکوات کمیٹی جامشورو پیر محمد حسن، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، پروفیسر امید علی رند، ڈائریکٹر سیکورٹی کیمپس ڈاکٹر غلام ثاقب برڑو اور ضلع زکوات آفیسر محمد صدیق قریشی نے بھی شرکت کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے اسکالرشپ فنڈز کی شفافیت کا عزم دہرایا اور کہا کہ انہوں نے اس بات کو ہمیشہ یقینی بنایا ہے کہ اسکالرشپ کی رقم طلباء کے فلاحی مقصد کیلئے ہی استعمال ہو اور رقم بروقت تقسیم کی جائے۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ سندھ ایچ ای سی، وفاقی ایچ ای سی، صوبائی انڈوومنٹ فنڈ اور پاکستان انڈوومنٹ فنڈز کے ذریعے جامعہ سندھ کے طلباء کو بڑا حصہ ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ کو قومی لیپ ٹاپ تقسیم پروگرام میں بھی نمایاں حصہ دیا گیا، جو کہ محکماتی حیثیت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا عکس ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی طالب علم مالی مسائل کی بناء پر تعلیم ادھوری نہ چھوڑے، اس لیے زیادہ سے زیادہ اسکالرشپ کے حصول کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ جامعہ سندھ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی اکثریت کا مالی پس منظر کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس نہ صرف تعلیمی بہتری کو بڑھاتی ہیں بلکہ ایک ایسا تربیتی ماحول بھی پیدا کرتی ہیں، جہاں قابلیت و محنت کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو تعلیم میں کامیابی کیلئے محنت جاری رکھنے کی ترغیب دی اور یقین دہانی کرائی کہ جامعہ ان کی مزید مالی معاونت و مواقع حاصل کرنے کی کاوشوں کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے قومی انکیوبیشن سینٹر حیدرآباد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ طلباء، بالخصوص حال ہی میں گریجویٹس کرنے والے طلباء کو اس سے مکمل فائدہ حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں پاس آؤٹ کرنے والے طلباء کو مارکیٹ کی بنیاد پر ٹریننگ، لازمی صلاحیتوں کی تربیت اور اسٹارٹ اپس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے قومی انکیوبیشن سینٹر کا رخ کرنا چاہئے۔