جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ 13 اکتوبر کو منعقد ہوگا، ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے پوائنٹ بسوں کا روٹ پلان جاری
جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلے میں پری انٹری ٹیسٹ 13 اکتوبر 2024ء بروز اتوار کو منعقد ہوگا، جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے پوائنٹ بسوں کا شیڈیول بھی جاری کیا گیا ہے۔ انٹری ٹیسٹ کے روز علامہ آئی آئی قاضی مین کیمپس جامشورو میں فیمیل امیدواروں کے ساتھ آنے والی خواتین کے بیٹھنے کیلئے سندھ یونیورسٹی کالونی میں واقع سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول، تاہم مرد حضرات کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کنونشن سینٹر میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے روز جامعہ کی پوائنٹس صبح ساڑھے 7 بجے کوٹری، سٹی گیٹ، ٹاور مارکیٹ، اولڈ کیمپس، سندھ یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ون اور ٹو، حیدرآباد، لطیف آباد نمبر 5 اور 7، قاسم چوک، علی پیلس قاسم آباد، نسیم نگر، شاہین ڈیری، ایگریکلچر کامپلیکس، بوائز و گرلز ہاسٹلز سے بیک وقت چلائی جائیں گی۔ میل امیدواروں کیلئے سندھیالوجی والی سڑک، جبکہ فیمیل امیدواروں کیلئے ریلوے اسٹیشن کے سامنے والی سڑک کو داخلی رستہ مقرر کیا گیا ہے۔ پری انٹری ٹیسٹ میں ڈیوٹیز کیلئے تعینات کردہ اساتذہ، افسرن و ملازمین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ والے روز وہ باب الاسلام گیٹ سے ہوتے ہوئے فزکس والے روڈ سے ٹیسٹ مراکز پر پہنچیں۔ انٹری ٹیسٹ کے دوران طلباء کی سہولت کیلئے جامعہ کی منی ہاسپیٹل کی جانب سے مختلف مراکز پر طبی کیمپس بھی لگائے جائیں گے اور ایمبولنس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔