جامعہ سندھ میں بیورو آف اسٹیگس کے زیرِ اہتمام انٹر ڈپارٹمنٹ سہ زبانی تقریری و ملی نغمہ مقابلوں کا انعقاد، منعقد، طلبہ و طالبات میں بھرپور مقابلے، انفال سومرو، سجاد لغاری اور ایماننے انگریزی، سندھی و اردو مقابلوں میں بالترتیب پہلی پہلی پوزیشن حاصل کرلی
جامعہ سندھ جامشورو کے بیورو آف اسٹوڈنٹس ٹیوٹورئل، گائیڈنس/کاؤنسلنگ سروسز اور ہم نصابی سرگرمیاں نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، شعبہ تاریخ، پاکستان اسٹڈی سینٹر اور شعبہ سیاسیات کے تعاون سے "ہمارا پاکستان" پروگرام کے تحت بین الادارتی سہ زبانی تقریری اور ملی نغمہ مقابلے کا اہتمام کیا۔ طلباء کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی اور حب الوطنی کے جذبے کو منایا۔ تقریب کا آغاز انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت پروفیسر نظر حسین چانڈیو نے حاصل کی، اس کے بعد غلام ثاقب برڑو نے نعت پیش کی اور پھر قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس کے بعد شعبہ تاریخ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عرفان شیخ اور بیورو آف اسٹیگس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر صنوبر رحمان شیخ نے استقبالیہ خطاب کیا، جس میں انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر اساتذہ، طلباء اور ججز کا شکریہ ادا کیا۔ مقابلوں میں تین زبانوں انگریزی، سندھی اور اردو میں تقاریر شامل تھیں، جنہیں ہر زبان کے لیے دو ججز نے جانچا۔ تقریری مقابلے میں کامیاب ہونے والوں کا اعلان ججز نے کیا۔ انگریزی تقریر میں شعبہ سیاسیات کے انفال سومرو، انسٹی ٹیوٹ آف لاء کے آکاش گوپانگ اور انسٹی ٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے عمر غنی نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سندھی تقریری مقابلے میں انسٹی ٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے سجاد لغاری، شعبہ نفسیات کے محمد اسامہ اور انسٹی ٹیوٹ آف لاء کے نرمل عارف نے بالترتیب پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔ اردو تقریری مقابلے میں شعبہ اردو کی ایمان نے پہلی، شعبہ اقتصادیات کی مازیہ شیخ نے دوسری اور شعبہ تاریخ کی مسکان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں، ملی نغمہ مقابلے کے نتائج کا بھی اعلان کیا گیا۔ پاکستان اسٹڈی سینٹر کے جعفر حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کی، شعبہ سیاسیات کی فاطمہ، ہمام خان، نمرا اور قیوم اشفاق نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی فالیہ قاضی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں، پوزیشن حاصل کرنے والوں کو شیلڈز دی گئیں جبکہ تمام شرکاء، رضاکاروں، منتظمین اور تعاون کرنے والوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ تقریب میں دیگر مہمانوں میں پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر، معروف کالم نگار و محقق پروفیسر ڈاکٹر شجاع حسین مہیسر، شعبہ سیاسیات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر،ڈاکٹر مبارک علی لاشاری، پروفیسر جان عالم سولنگی اور پروفیسر خلیق مہیسر بھی موجود تھے۔