جامعہ سندھ میں “ہمارا پاکستان” کی تقریبات کے تحت بین الاداراتی سہ لسانی تقریری اور ملی نغمہ مقابلے، پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو شیلڈوں سے نوازا گیا

جامعہ سندھ کے بیورو آف اسٹیگس نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے “ہمارا پاکستان” پروگرام کے تحت “بین الاداراتی سہ لسانی تقریری اور ملی نغمہ مقابلے” کا انعقاد کیا، جو حب الوطنی اور لسانی تنوع کا شاندار جشن تھا۔ مذکورہ پروگرام شعبہ کامرس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں سینکڑوں پرجوش طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔ بیورو آف اسٹیگس نے اس پروگرام کو شعبہ تاریخ، پاکستان اسٹڈی سینٹر اور شعبہ سیاسیات کے تعاون سے منظم کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت مقبول اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریری مقابلوں میں انگریزی، سندھی اور اردو زبانیں شامل تھیں اور ہر زبان کے لیے دو ججز مقرر کیے گئے۔ انگریزی تقریری مقابلے میں شعبہ سیاسیات کی انفال سومرو نے پہلی، انسٹیٹیوٹ آف لاء کے آکاش گوپانگ نے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف انگلش کے عمر غنی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سندھی تقریری مقابلے میں انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے سجاد لغاری نے پہلی، شعبہ نفسیات کے محمد اسامہ نے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف لاء کی نرمل عارف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو تقریری مقابلے میں شعبہ اردو کی ایمن نے پہلی، شعبہ اقتصادیات کی مازیہ شیخ نے دوسری اور شعبہ تاریخ کی مسکان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ملی نغمہ مقابلے کے پوزیشن ہولڈرز میں پاکستان اسٹڈی سینٹر کے جعفر حسین نے پہلی، شعبہ سیاسیات کی فاطمہ، ہمام خان، نمرہ اور قیوم اشفاق نے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی فالیہ قاضی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پوزیشن حاصل کرنے والوں کو شیلڈز دی گئیں، جبکہ تمام شرکاء، رضاکاروں اور ناظمین کو ان کی لگن اور تعاون کے اعتراف میں سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ بعد ازاں تقریب کو پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر، پروفیسر ڈاکٹر صنوبر رحمان شیخ اور پروفیسر ڈاکٹر عرفان شیخ نے خطاب کیا اور ایسے پروگراموں کو طلباء میں حب الوطنی اور حوصلہ افزائی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔