جامعہ سندھ میں سندھ ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی بیت بازی مقابلہ-2024: سامعین محبت اور اداسی کے اشعار سے محظوظ
سندھ ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی بیت بازی مقابلے 2024 جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد کیے گئے، جن میں اردو ادب کی لازوال خوبصورتی اور شاعرانہ مہارت کی شاندار جھلک نے ہال میں موجود نوجوان طلباء کو محظوظ اور خوشی سے نہال کردیا۔ بیورو آف اسٹیگز کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس شعری مقابلے میں جامعہ سندھ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے شرکت کی۔ انہوں نے محبت، اداسی، خوبصورتی اور درد کے موضوعات پر مبنی اردو اشعار پیش کر کے سامعین کو مسحور کر دیا۔ ہر ٹیم دو- دو ارکان پر مشتمل تھی جوکہ جوش و خروش کے ساتھ اسٹیج پر آتی رہی۔ ججز نے ایک منتخب دو مصرعیہ شعر کے ساتھ مقابلے کا آغاز کیا، جس کے بعد ہر ٹیم نے پہلے شعر کے آخری حرف سے اگلا شعر شروع کیا۔ اس کے بعد جو شاعرانہ مقابلہ شروع ہوا، اس نے طلباء کو اقبال، پروین شاکر، وصی شاہ، احمد فراز، فیض احمد فیض، ناصر کاظمی، منیر نیازی، میر تقی میر، جون ایلیا، راحت اندوری اور غالب جیسے شعرا کے کلام کی ادائیگی کی٬ یہ خوبصورت شعر سامعین کو ایک مسحور کن فضاء میں لے گئے، جہاں ہر طرف محبت اور اداسی کے رنگ بکھرے ہوئے تھے۔ شاعری نے رومانس، جدائی کا درد، زخم، پیار، عشق، خوبصورتی، جوانی اور ان کہی محبت کے کرب جیسے موضوعات کو اجاگر کیا۔ ہر لائن پر آڈیٹوریم سامعین کی زوردار تالیوں سے گونج اٹھا، جو ہر مصرعے کے ساتھ مزید شدت اختیار کرتی گئی۔ ججز میں شامل آرٹس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی اور اردو ڈیپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ ہما نے ہر لمحے کو انجوائے کیا، اور ان کے چہروں پر مختلف اشعار کی گہرائی اور جذبات کی جھلک نظر آئی۔ تقریب کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ نے کی، جنہوں نے طلباء کی اردو شاعری کی روایت کو زندہ رکھنے کے جذبے اور ان کی محنت کو سراہا۔ بیورو آف اسٹیگز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صنوبر رحمان شیخ سمیت کئی اساتذہ اور طلباء نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سننے والوں کو چاندنی راتوں، چوری چھپے ملنے والی نظروں اور دل کو چھو لینے والے کلام سے محظوظ کیا گیا۔ سندھ ایچ ای سی بیت بازی مقابلوں نے سامعین کو پرجوش کر دیا اور جامعہ سندھ کا آڈیٹوریم اس لمحے ایک ایسا مقام بن گیا، جہاں محبت نے اپنی ہر شکل میں آواز پائی۔