انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز جامعہ سندھ جامشورو کا “خلیجی ممالک میں تعلیمی اسکالرشپس و ملازمتوں کے مواقع”کے زیر عنوان سیمینار کا انعقاد، نوجوان نسل کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنی چاہیے، عربی ایک بین الاقوامی زبان ہے اس کی تعلیم کا خصوصی اہتمام کیا جائے ، ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈاکٹر رحمی عمران، ڈاکٹر مفتی صاحبداد خان سکندری، نظر حسین چانڈیو و دیگر کا خطاب

 انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز (شعبہ عربی و فارسی) جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے “عرب ممالک میں تعلیمی اسکالرشپس و ملازمتوں کے مواقع” کے زیر عنوان ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد طلباء کو بین الاقوامی تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع سے روشناس کرانا اور ان کی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ سیمینار کی صدارت ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی نے کی، جنہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں نوجوان نسل کو عالمی معیار کی تعلیم و روزگار کے مواقع حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار کی نگرانی ڈاکٹر مفتی محمد صاحبداد سکندری نے کی، جنہوں نے مختصر استقبالیہ خطاب میں سیمینار کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیا۔ سیمینار کے دوران بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی پروفیسر ڈاکٹر رحمی عمران نے آن لائن خطاب کیا اور شرکاء کو مختلف خلیجی ممالک میں دستیاب تعلیمی اسکالرشپس اور ملازمتوں کے حصول کے مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء کو اپنی قابلیت اور مہارتوں کے ذریعے عالمی سطح پر مواقع حاصل کرنے کی ترغیب دی۔جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے خصوصی مندوب وقار احمد سندھی نے خطاب کے دوران سعودی عرب  کی تمام جامعات کے اندر ہر شعبہ میں فلی فنڈڈ اسکالرشپ پروگرامز، داخلے کے طریقہ کار، اور اس سے وابستہ فوائد کی وضاحت کی۔ انہوں نے طلباء کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے رہنمائی فراہم کی اور طلباء و شرکاء کو ترغیب دی کہ آگے بڑھیں اور مواقع سے فائدہ حاصل کریں۔ کسی مدد کی ضرورت ہو تو ہم آپ کے ساتھ تعاون کرنے اور آپ کی رہنمائی کرنے کیلئے ہمہ وقت حاضر اور تیار ہیں۔ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے گریجویٹ محمد زبیر سندھی نے اپنے تجربات شرکاء کے ساتھ شیئر کیے اور بتایا کہ تعلیمی اسکالرشپس اور ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے کون سے مراحل اختیار کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء کو اپنی تعلیمی قابلیت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زبان دانی اور دیگر پیشہ ورانہ مہارتوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ سیمینار میں طلباء اور فیکلٹی ممبرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موضوع پر بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے مقررین سے سوالات کیے اور مفید معلومات حاصل کیں۔انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کی جانب سے اس کامیاب سیمینار کے انعقاد کو طلباء کے لیے ایک مفید اقدام قرار دیا گیا، جو ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ کیریئر میں معاون ثابت ہوگا۔