جامعہ سندھ کے ایلسا قاضی کیمپس میں سندھی ثقافت کا دن منایا گیا

ایلسا قاضی کیمپس جامعہ سندھ حیدرآباد میں گزشتہ روز سندھی ثقافت کا دن انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں سندھ کے قدیمی ورثے اور روایات کو خراج پیش کیا گیا، جس میں ایم پی اے صابر حسین قائم خانی نے مہمان خصوصی اور ڈاکٹر عابد حسین ساند نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (ایمریٹس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر قیادت منعقد کی گئی۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے طلباء کی شاندار محنت کو سراہا  اور تقریب کے انتظامات پر ان کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے ثقافتی شعور کو معاشرے میں اتحاد و ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے اہم قرار دیا اور تعلیم کو ثقافتی ورثے کی حفاظت اور اس کو اجاگر کرنے میں ایک اہم کردار قرار دیا۔ تقریب میں کئی دلچسپ پروگرامز شامل تھے، جن میں روایتی موسیقی، سندھی لوک گیت، علاقائی کھانوں کے اسٹال اور سندھی لباس کی نمائش شامل تھی۔ طلباء کے جوش و جذبے کو سراہا گیا اور انہیں شاندار کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب کی کامیابی کا کریڈٹ ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار عالمانی، کنوینر کلچرل ڈے کمیٹی ڈاکٹر عبدالستار گوپانگ اور ان کی ٹیم کی محنتوں کو دیا گیا۔ مذکورہ تقریب کے ذریعے نہ صرف سندھ کی ثقافتی روایات کو اجاگر کیا گیا بلکہ جامعہ سندھ کی مشترکہ ثقافتوں کے فروغ کیلئے بھی ایک مثال قائم کی گئی۔