شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر کلہوڑو کا دوسرے سیمسٹر کے امتحانات کا جائزہ

جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں دوسرے سیمسٹر کے امتحانات پرامن ماحول میں جاری ہیں۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (ایمریٹس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے علامہ آئی آئی قاضی کیمپس میں انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر اور انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز کا دورہ کرکے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء کیلئے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر  کلہوڑو نے دوسرے سیمسٹر کے امتحانات کی تیاریوں پر اطمینان کا ظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تمام شعبوں کے دوسرے سیمسٹر کے امتحانات بہترین انداز میں جاری ہیں۔ وی سی ڈاکٹر کلہوڑو نے اپنے دورے کے دوران کلاسز میں جا کر جاری امتحانات کا جائزہ لیا اور طلباء سے مل کر ان کے پرچوں سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ مطالعے کی عادت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے اور مطالعے کی عادت انسان کو ترقی کی طرف لے جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو طلباء اپنی تعلیم کو مناسب وقت دیتے ہیں، وہ دنیا میں اچھا نام اور مقام حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی جاب مارکیٹ میں شدید مقابلے کا رجحان ہے اور صرف وہی گریجویٹس بہتر ملازم حاصل کر سکتے ہیں، جو اپنے مضامین میں گہری معلومات اور بہتر تعلیم رکھتے ہیں۔