جامعہ سندھ میں فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے مختلف پراجیکٹس کی نمائش، چار شعبوں کے طلباء نے 200 پراجیکٹس کی نمائش کی، آئی ٹی، الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونیکیشن و سافٹ ویئر انجنیئرنگ سے وابستہ نوجوان وہ لوگ ہیں، جو دنیا کو تبدیل کرنے اور ان شعبوں میں انقلاب لائیں گے، وی سی ڈاکٹر کھمباٹی کا اظہار
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سال آخر کے طلباء پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف چیزوں پر تحقیق و مسائل حل کرنے کے منصوبوں پر دلچسپی و توجہ کے ساتھ کام کریں تاکہ اس وسیع میدان میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سال آخر کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کی جانب سے تیار کردہ 200 پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونیکیشن و سافٹ ویئر انجنیئرنگ سے وابستہ نوجوان وہ حقیقی لوگ ہیں، جو دنیا کو تبدیل کرنے اور ان شعبوں میں انقلاب لانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کمپنیز، صنعتوں و کاروباری فرمز کے جانب سے مشترکہ طور پر جاب فیئر کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آخری سال کے طلباء نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر و کمیونیکیشن انجنیئرنگ کے شعبوں میں اپنی تھیسز سے متعلق مختلف منصوبوں کو نمائش کیلئے پیش کیا، جن میں ڈاکٹر ایپ جنریٹو اے آئی پر مشتمل، آکشن بیسڈ اسٹور، اے آئی پاروڈ سی وی مینجمنٹ سسٹم، نورز کلیکشن ایپ، لفٹ اپ اے آئی، اے آئی بیسڈ ایف وائی پی مینجمنٹ سسٹم سے آئیڈیا ڈپلیکیشن ڈٹیکیشن، اے آئی بیسڈ کنٹینٹ جنریٹر، شادی دوبارہ: اے آئی بیسڈ پروفائل میچنگ میٹریمونیل پورٹ بالخصوص طلاق یافتہ اور بیواہ خواتین و حضرات کیلئے، موسم کی پیشن گوئی و خبرداری سسٹم، ایکس سیٹ ایپ، فوری سروس حل ویب سائٹ، آن لائن ایونٹ بکنگ و مینجمنٹ سسٹم، مقامی جاب پورٹل، فصلوں کی ٹریکنگ ایپ، لیگل ایز و دیگر شامل ہیں۔ فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد وائس چانسلر نے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان میں گہری دلچپسی کا اظہار کیا۔ طلباء نے اپنے اپنے پراجیکٹس کے بارے میں انہیں بریفنگ دی، اس دوران وائس چانسلر نے مختلف سوالات بھی کیے اور ان منصوبوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے تجاویز دیں۔ جاب فیئر میں مجموعی طور پر 21 اسٹالز لگائے گئے، جن کا وائس چانسلرنے دورہ کیا، جہاں کمپنیوں، صنعتوں اور سافٹ ویئر ہاؤسز میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع موجود تھے۔ وی سی کے ہمراہ پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو، ڈین فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ سینٹر آف آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر کامران تاج پٹھان، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ ملاح، ڈاکٹر تانیہ مشتاق، ڈاکٹر محمد علی نظامانی، انجنیئر عمیر علی، انجنیئرنگ عبدالوہاب کھوکھر، ناظم سالانہ امتحانات شاہد حسین لاڑک، ڈاکٹر نیاز احمد بھٹو، ڈاکٹر رضا شاہ، ڈاکٹر آصف علی جمالی و دیگر نے بھی شرکت کی۔