جامعہ سندھ میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ آینڈ ڈیزائن کے طلباء کے “تھیسز شو 2024ء” کا آغاز ہوگیا، وائس چانسلر کی جانب سے افتتاح، طلبہ و طالبات کی پینٹنگز و ٹیکسٹائیل ڈیزائن بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر سکتے ہیں، جو انہیں ایک کامیاب پیشہ ورانہ مستقبل کی طرف لے جائے گا، ٹیکسٹائل ڈیزائن کے طلبہ و طالبات اپنی ڈیزائننگ کی کمپنیاں قائم کریں، وی سی کی میڈیا سے بات چیت

انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن جامعہ سندھ جامشورو میں “تھیسز شو 2024ء” کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ نمائش میں آخری سال کے طلباء کی جانب سے تیار کردہ منصوبے پیش کیے گئے، جس میں مختلف فن پارے، پینٹنگز اور ٹیکسٹائل ڈیزائن شامل تھے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے نمائش کا افتتاح ربن کاٹ کر کیا۔ انہوں نے نہ صرف فائن آرٹس، ٹیکسٹائل ڈیزائن و کمیونیکیشن ڈیزائن کے طلباء کے تخلیقی کام کا جائزہ لیا بلکہ ان کی مشترکہ محنت و جدت کو بھی سراہا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اپنے منصوبوں کے بارے میں وائس چانسلر کو تفصیلی بریفنگ دی اور اپنے تخلیقی سفر کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر کھمباٹی نے طلباء کے آرٹ و ڈیزائن کے میدان میں اعلیٰ معیار کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ یہ شعبہ جامعہ سندھ کا ایک اہم تعلیمی مرکز ہے، جہاں ماہر اور نامور فنکار، اساتذہ اعلیٰ تعلیم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو تجویز دی کہ وہ تجارتی شعبوں بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری میں موجود وسیع مواقع تلاش کریں اور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کی پینٹنگز و ٹیکسٹائل ڈیزائن بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر سکتے ہیں، جو انہیں ایک کامیاب پیشہ ورانہ مستقبل کی طرف لے جائے گا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل ڈیزائن کے طلبہ و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ڈیزائننگ کی کمپنیاں قائم کریں اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر جامشورو اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر (ایلسا قاضی کیمپس حیدرآباد) کے وسائل سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پروفیسر سعید احمد منگی، ڈاکٹر راشد علی کھوڑو، ڈاکٹر خالد حسین لاشاری، ڈاکٹر پنہل خان لاشاری، ڈاکٹر تانیہ مشتاق، ڈاکٹر غلام علی برڑو، پروفیسر امید علی رند، پروفیسر نادر علی جمالی، پروفیسر نعمت اللہ خلجی و دیگر بھی موجود تھے۔ اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین کی موجودگی نے تقریب کو مزید چار چاند لگا دیئے۔