
جامعہ سندھ میں فریش طلباء کیلئے ابتدائی رہنمائی کی تقریب، ہزاروں طلبہ و طالبات کی شرکت
جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے تعلیمی سال 2025ء کیلئے نئے داخل ہونے والے طلباء کیلئے اورینٹیشن (ابتدائی رہنمائی) پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹو کنوینشن سینٹر میں منعقدہ اورینٹیشن پروگرام میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تاہم پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس پروفیسر ڈاکٹر صنوبر رحمان و دیگر بھی موجود تھے۔ اورینٹیشن پروگرام کے دوران مختلف طلباء نے اپنے فن کے جوہر دکھائے اور محفل کو لوٹ لیا۔ طلباء کے گیتوں کے دوران ان کے ساتھی طلباء کی جانب سے بیک وقت ہزاروں موبائل فونز کے لائٹس جلا کر آڈیٹوریم ہال میں ایک خوشگوار ماحول بنا لیا گیا۔ طلباء نے اپنی گلوکاری کے جوہر سے تقریب کو یادگار بنا لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے کہا کہ آپ یہاں خواب لیکر آئے ہو اور یہ خواب کامیابی حاصل کرنے کا خواب ہے، اس لیے یونیورسٹی میں اپنے چار سالہ قیام کے دوران آپ نے محنت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ آپ کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کریں، اس لیے ہمارے اساتذہ چار سال تک آپ کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہاسٹلز میں الاٹمنٹ کا آغاز کیا جائے گا اور ہاسٹلز کے اندر مفت انٹرنیٹ سروس و معیاری کھانا فراہم کرنے کو یقینی بنائے جائے گا۔