فاؤنڈرز ویک کی تقریبات جاری، علامہ آئی آئی قاضی چیئر کی جانب سے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول میں بھی شاندار پروگرام کا انعقاد، طلباء کا ٹیبلوز و موسیقی پر رقص پیش، علامہ قاضی کو شاندار خراج تحسین پیش

جامعہ سندھ جامشورو کے زیرانتظام ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد میں بھی علامہ آئی آئی قاضی کا دن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ پروگرام علامہ آئی آئی قاضی چیئر کے زیر اہتمام فاؤنڈرز ویک کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، جس کی صدارت اسکول پرنسپال سید احسان اللہ راشدی نے کی، مہمان خصوصی ڈائریکٹر علامہ آئی آئی قاضی چیئر ڈاکٹر مخمور بخاری تھے، تاہم ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لا ڈاکٹر سردار شاہ اور ایجوکیشن فیکلٹی کے استاد ڈاکٹر زبیر چاچڑ اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔  تقریب کا آغاز طالب علم  حنین نے تلاوت کلام  پاک سے کیا اور استاد فتح علی خان کے فرزند فرسٹ ایئر کے طالب علم نے پرسوز آواز میں نعت مقبول رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) پڑھ کر محفل کو چار چند لگا دیئے۔ بعد ازاں اسکولی طلباء نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے اور شاندار ثقافتی رقص پیش کیا۔ ان کے رقص پر مہمان  اور ان کے والدین خوشی سے جھومنے لگے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یوسف بھنبھرو نے تقریر کرتے ہوئے علامہ آئی آئی قاضی کی زندگی و شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، اسکولی طلباء نے بھی تقاریر کیں، جن میں علامہ صاحب کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اسکول کے میوزک ٹیچر نے فقیر منش انسان و اعلیٰ پائے کے شاعر مسکین راشدی کی وائی گا کر بھرپور داد تحسین حاصل کیا۔ تقریب کے آخر میں امتحانات اور اسپورٹس میں بہترین کارکردگی پر 50 طلباء کو میڈل و اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر طلباء کے والدین نے بھی بھرپور شرکت کی۔