جامعہ سندھ کے شعبہ قانون میں پہلا صوبائی شطرنج مقابلہ منعقد، 30 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، فائنل میں سخت مقابلے کے بعد اظہر آخوند کامیاب قرار، سرفراز احمد شکست سے دوچار

حیدرآباد و جامشورو شطرنج ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے جامعہ سندھ کے شعبہ قانون میں پہلا صوبائی شطرنج کھیل کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر مختلف کالجز و جامعات کے طلباء سمیت 30 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فائنل میں اظہر آخوند اور سرفراز احمد کے مابین سخت مقابلے کے بعد اظہر آخوند کو کامیاب قرار دیا گیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں ڈائریکٹر اسپورٹس جامعہ سندھ اجوید احمد بھٹی نے شعبہ قانون میں اس قسم کی بہترین صوبائی سطح کی سرگرمی منعقد کرنے پر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ دانش منگی اور اسپورٹس کمیٹی کے سربراہ ارون برکت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شطرنج کا کھیل الجھنوں سے نکلنے، مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے سمیت یادداشت و حاضر دماغی کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے ،جس میں جامعات و کالجز کے طلباء کے ساتھ ساتھ ہانیہ شاہ، حمزہ دانش جیسے اسکولی طلباء کا شامل ہونا انتہائی بڑی اور خوش آئند بات ہے۔ اس موقع پر منور چانڈیو اور آرگنائزر تحسین اختر، عبداللہ شیخ، نرمل جمالی، شاہ فیصل حماد و دیگر بھی موجود تھے۔