انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی جامعہ سندھ میں 6 روزہ کتب میلے کا آغاز، وائس چانسلر نے افتتاح کیا، کتب بہت بڑا سرمایہ ہیں، جو اذہان کو روشن اور روح کو تر و تازہ کرتی ہیں، نوجوان زیادہ سے زیادہ کتب کا مطالعہ کریں، وی سی ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کا اظہار

 جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی میں 6 روزہ کتب  میلے کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی  نے کیا۔ میلہ 13 ستمبر 2025ء تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی ڈاکٹر فیاض لطیف، سابق ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ سیال، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ ملاح، ڈاکٹر نور محمد شاہ، ڈاکٹر نواب کاکا، ڈاکٹر شازیہ پتافی، ڈاکٹر ریحانہ ملاح، عبدالواحد ہیسبانی، سلمیٰ شیخ و دیگر کئی اساتذہ و علم دوست لوگ موجود تھے۔ کتب میلے میں مختلف اسٹالز پر سندھی، اردو و انگریزی شاعری، کلاسیکی و جدید ادب، تاریخ، ناول اور کورس سے متعلق کئی کتب رکھی گئی ہیں، جو طلباء، اساتذہ اور کتب کا ذوق رکھنے والے لوگوں کی توجہ کے مرکز بنی۔ علاوہ ازیں جامعہ سندھ کی مختلف چیئرز کی جانب سے شائع شدہ کتب بھی میلے میں رکھی گئیں، جو قارئین کیلئے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہے تاکہ وہ علمی، تاریخی و ثقافتی اہمیت کی حامل قیمتی کتب باآسانی حاصل کر سکیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے کہا کہ کتب ہمیشہ کیلئے سرمایہ ہیں، جو اذہان کو روشن اور روح کو تر و تازہ کرتی ہیں۔ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کتب کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی نے ہمیشہ سندھ کے علمی و ثقافتی ورثے کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتب میلہ صرف کاروبار کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ تبادلہ خیالات  اور مکالمہ کے فروغ کے لئے ایک پلیٹ فارم ہے۔ وائس چانسلر نے نوجوانوں کو کتب کا دوست بن کر رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کتب ہی مستقبل کی قیادت کیلئے الہام کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ ایسی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی ڈاکٹر فیاض لطیف نے کہا کہ یہ میلہ طلباء اور عوام میں مطالعے کے شوق کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں رکھی گئی کتب کا ذخیرہ ادارے کے تعلیمی فروغ والی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی کم نرخوں پر سندھی، اردو اور انگریزی زبانوں کی کتب رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ ابھرتے ہوئے  مصنفین کو حوصلہ افزائی اور ان کی کتب کو کلاسیکی شاہکار کے ساتھ پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ میلے کے پہلے روز بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جنہوں نے اسٹالز پر رکھی گئی کتب میں دلچسپی کا اظہار کیا اور خریداری بھی کی۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 09/10/2025
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي جي انسٽيٽيوٽ آف سنڌالاجي ۾ ڇهه ڏينه...
View Details → 09/10/2025
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي جي انسٽيٽيوٽ آف لا جي ٽيمن قومي ۽ صو...
View Details → 09/10/2025
1024 x 768
انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی جامعہ سندھ میں 6 روزہ کتب ...
View Details → 09/10/2025