
جامعہ سندھ میں وائس چانسلر کی زیر صدارت انٹری ٹیسٹ 2026ء کی مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز کا اجلاس، تیاریوں سے متعلق بریفنگ، ٹیسٹ 12 اور 19 اکتوبر کو دو مراحل میں منعقد ہوگا، پہلے مرحلے میں 9156 اور دوسرے مرحلے میں 9289 سے زائد امیدوار حصہ لیں گے، میرپورخاص و لاڑکانہ کیمپس الگ ہونے کے باوجود اس سال بھی 22 ہزار سے زائد امیدواروں نے داخلوں کیلئے درخواستیں جمع کرائیں (ڈاکٹر ایاز کیریو کی بریفنگ) داخلوں کی تاریخ میں 3 اکتوبر تک ایک بار پھر توسیع کا اعلان
جامعہ سندھ جامشورو میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کی زیر صدارت پری انٹری ٹیسٹ 2026ء کی تیاریوں کے جائزے کے لیے مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک بیچلر اور بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلے کے لیے مجموعی طور پر 22 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے دو کیمپسز لاڑکانہ اور میرپورخاص الگ ہونے کے باوجود اس سال بیچلر کے مختلف پروگرامز کے لیے مجموعی طور پر 19433 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں مین کیمپس کے لیے 18445، لاڑ کیمپس بدین کے لیے 433، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کیمپس دادو کے لیے 408، ٹھٹھہ کیمپس کے لیے 114 اور نوشہروفیروز کیمپس کے لیے 93 درخواستیں شامل ہیں۔بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلے کے لیے مجموعی طور پر 2495 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں مین کیمپس کے لیے 2400، بدین کے لیے 28، دادو کے لیے 42، ٹھٹھہ کے لیے 9 اور نوشہروفیروز کے لیے 16 درخواستیں شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ اورینٹل عربک کورس (ایک سالہ ڈپلومہ) کے لیے 42 درخواستیں موصول ہوئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹری ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں 12 اکتوبر کو 14 اضلاع دادو، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، خیرپور میرس، لاڑکانہ، مٹیاری، نوشہروفیروز، قمبر-شہدادکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، شکارپور، سکھر، کراچی ڈویژن و دیگر صوبوں کے امیدواروں سے ٹیسٹ لیا جائے گا، جس میں 1771 طالبات سمیت مجموعی طور پر 9156 امیدوار شریک ہوں گے۔اسی طرح دوسرے مرحلے میں 19 اکتوبر کو بدین، حیدرآباد، جامشورو، میرپورخاص، سجاول، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ اضلاع سے مجموعی طور پر 9289 امیدوار ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ اجلاس میں کنوینر بلڈنگ مینجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو نے امتحانی ہالز کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ رفیق علی بروہی نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے تجویز دی کہ ان دنوں شدید گرمی کے باعث کوریڈورز میں کوئی امتحانی سینٹر قائم نہ کیا جائے بلکہ امیدواروں کو کلاس رومز میں ایڈجسٹ کیا جائے۔وائس چانسلر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کنوینرز تجربہ کار ہیں، اس لیے ہر کوئی اپنی ذمہ داری بہتر انداز میں ادا کرے تاکہ دونوں مراحل کے ٹیسٹ خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکیں۔دوسری جانب ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر ایاز کیریو نے بتایا کہ دو دن کے لیے ای-پورٹل اکاؤنٹ کھول دیا گیا ہے اور خواہشمند امیدوار 3 اکتوبر تک آن لائن اپنے داخلے کے فارم جمع کرا سکتے ہیں۔