جامعہ سندھ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے درمیان کیمپس اور رہائشی کالونی میں سے کچرے اٹھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط،شیخ الجامعہ سندھ و ایم ڈ ی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے دستخط کیے

ماحول کو زیادہ صاف اور سرسبز بنانے کے ایک اہم اقدام کے طور پر جامعہ سندھ جامشورو اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے درمیان ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت یونیورسٹی کے کیمپس اور رہائشی کالونی کے علاقوں میں کچرے کی صفائی اور ٹھکانے لگانے کا جامع نظام قائم کیا جائے گا۔ یہ مفاہمتی یادداشت باضابطہ طور پر جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق نظامانی نے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس موقع پر فیتہ کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں سینئر اساتذہ، یونیورسٹی کے افسران اور بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جامعہ سندھ کے تعلیمی اور رہائشی دونوں علاقوں سے کوڑا کرکٹ جمع کر کے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائے گا۔ بورڈ کی جانب سے کیمپس اور رہائشی کالونی میں گھر گھر سے کوڑا اٹھایا جائے گا اور یہ تمام خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں، کوڑا دان اور کچرے کے ڈبے مختلف مقامات پر نصب کیے جائیں گے تاکہ صفائی کے عمل کو مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ جامعہ سندھ کی انتظامیہ کیمپس میں بڑھتے ہوئے کوڑے کے مسئلے پر سخت فکرمند تھی، جو نہ صرف مادرِ علمی کی خوبصورتی کو متاثر کر رہا تھا بلکہ طلبہ، اساتذہ اور رہائشیوں کے لیے صحت کے خطرات بھی پیدا کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ یہ اشتراک ہمارے کیمپس کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ جامعہ سندھ کو ملک کی صاف ترین اور ماحولیاتی طور پر دوستانہ جامعات میں شامل کیا جائے۔ صاف ستھرا کیمپس اس کے باسیوں کے نظم و ضبط، ثقافت اور شہری شعور کی علامت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام جامعہ کی ماحولیاتی پالیسی کا حصہ ہے، جس میں شجرکاری مہمات، گندے پانی کے انتظام اور طلبہ و عملے میں ماحول دوست رویوں کے فروغ جیسے اقدامات شامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسیمبلی ڈاکٹر سکندر علی شورو نے دونوں اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ایک فعال ادارہ ہے جو سندھ کو صاف و شفاف بنانے کے لیے اپنے دائرہ کار کو تیزی سے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی یقین دہانی کے بعد سندھ حکومت جلد ہی جامعہ سندھ کے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔ جامعہ سندھ صوبے کے کونے کونے سے آنے والے طلبہ کے لیے آخری امید ہے۔ ہماری حکومت اس کے ترقی کے سفر میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ڈاکٹر شورو نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ سندھ کی فکری اور ثقافتی شناخت کی علامت ہے۔ اسے صاف رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں سندھ حکومت کے وژن کے تحت ہم صوبے کے ہر ضلع اور ادارے تک سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی خدمات پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ معاہدہ اسی وژن کی تکمیل کی ایک اہم کڑی ہے، جو نوجوان نسل میں ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینے میں بھی مدد دے گا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق نظامانی نے اس موقع پر کہا کہ بورڈ کو پاکستان کی قدیم اور باوقار جامعات میں سے ایک کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ مینیجمینٹ بورڈ نے جامشورو ریجن کے لیے کوڑے کی جمع آوری، علیحدگی اور ٹھکانے لگانے کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ ہم تربیت یافتہ عملہ، جدید گاڑیاں اور مشینری تعینات کر رہے ہیں تاکہ صفائی کے عمل کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔ انہوں نے یونیورسٹی برادری سے اپیل کی کہ وہ صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے تعاون کرے اور کوڑے کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگائے۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن کھمباٹی نے کہا کہ صفائی کے قیام کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس اور رہائشی علاقوں میں کوڑے کی موجودگی ایک دیرینہ مسئلہ تھا، لیکن بورڈ کی شمولیت کے بعد امید ہے کہ یہ مسئلہ پائیدار اور منظم طریقے سے حل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ویسٹ مینیجمینٹ بورڈ کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پیش رفت کی نگرانی کرے گی۔ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکونے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جامعہ سندھ کے تعلیمی و رہائشی ماحول کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینیجمینٹ بورڈ کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ جامعہ سندھ کو صاف، خوبصورت اور آلودگی سے پاک ادارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور طلبہ کو ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ اس منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی جامعہ سندھ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ایسے تمام غیر ذمہ دارانہ رویوں کے خاتمے اور صفائی و ماحولیاتی ذمہ داری کے کلچر کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ معاہدہ جامعہ سندھ کی جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اساتذہ، طلبہ و رہائشیوں کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/15/2025
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي ۽ سنڌ سالڊ ويسٽ مينجمينٽ بورڊ وچ ۾ ڪ...
View Details → 10/15/2025
1024 x 768
جامعہ سندھ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے درم...
View Details → 10/15/2025
1024 x 768
Sindh University, SSWMB join hands to resolve long-standing garbage issue on campus, resid...
View Details → 10/15/2025