
جامعہ سندھ میں مختلف کھیلوں کیلئے طلبہ و طالبات کی ٹیموں کا انتخاب مکمل، جوڈو، ریسلنگ، باکسنگ و دیگر کھیلوں کیلئے بھی امیدوار منتخب، جلدی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، منتخب کھلاڑیوں کو تربیت دے کر نومبر میں ایچ ای سی کی جانب سے شروع ہونے والے قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے بھیجا جائے گا
جامعہ سندھ جامشورو میں ڈائریکٹر اسپورٹس (بوائز) اجوید احمد اور ڈائریکٹر اسپورٹس (گرلز) ڈاکٹر زریں میمن کی زیر نگرانی طلبہ و طالبات کے ٹرائلز مکمل ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز جوڈو، جوجٹسو، وشو، ریسلنگ، تائی کوانڈو اور باکسنگ کی ٹیموں کیلئے طلبہ و طالبات کے ٹرائلز لیے گئے۔ ٹرائلز حیدر بخش جتوئی پویلین اور گرلز جمنازیم میں منعقد ہوئے، جہاں کئی طلبہ و طالبات نے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز دیئے۔ دوسری جانب مختلف کھیلوں کیلئے منتخب ٹیموں کی تربیتی کیمپس جلد قائم کی جائیں گی، جہاں ماہرین اپنی زیر نگرانی جامعہ سندھ کی ٹیموں کو تربیت دے کر قومی مقابلوں کیلئے تیار کریں گے، جو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے قومی سطح پر نومبر میں ہونے والے آل پاکستان انٹر ورسٹیز ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔
Author:
Mrs. Shumaila Solangi
10/17/2025