جامعہ سندھ کی جانب سے بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے 30 فیصد اسکور مقرر، تعلیمی دستاویزات کے اپلوڈ اور پسندیدہ چوائسز کے انتخاب کے لیے ای-پورٹل کل 29 اکتوبر سے 10 نومبر تک کھلا رکھنے کا اعلان
جامعہ سندھ یونیورسٹی جامشورو کی ایڈمیشن کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری کی صدارت میں سینٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سال 2026ء کے تحت مختلف بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے 30 فیصد کٹ آف لائن/حتمی اسکور مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران یہ بھی طے کیا گیا کہ یونیورسٹی کا ای-پورٹل 29 اکتوبر سے 10 نومبر 2025ء تک کھلا رہے گا، جس کے دوران کامیاب امیدوار اپنی ضروری تعلیمی دستاویزات اپلوڈ کر سکیں گے اور داخلوں کے لیے اپنے پسندیدہ شعبوں کا انتخاب کر سکیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وہ امیدوار جو مین کیمپس میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے یا جنہیں ان کا پسندیدہ شعبہ نہیں مل سکا، انہیں یونیورسٹی کے دیگر کیمپسز میں داخلے کا موقع نشستوں کی دستیابی اور 30 فیصد کٹ آف اسکور ہونے پر دیا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی نے غیر ملکی طلبہ کے لیے مخصوص کی گئی نشستوں کو پُر کرنے پر بھی زور دیا۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف ممالک کے سفارتخانوں اور قونصلیٹ سے رابطہ کرے گی تاکہ وہ اپنے ممالک کے طلبہ کو سندھ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجیں، جہاں اعلیٰ تعلیم کے اخراجات دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے اقلیتی طلبہ کے لیے مختلف شعبوں میں نشستوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال اقلیتی برادری سے کافی تعداد میں طلبہ داخلوں کے لیے درخواستیں دیتے ہیں، لہٰذا ان کے لیے کوٹہ بڑھا کر انہیں مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے چاہییں۔ اجلاس میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سندھ یونیورسٹی میں 72 تعلیمی شعبوں میں 12 ہزار 300 نشستیں دستیاب ہیں، جبکہ دو مراحل میں ہونے والے پری انٹری ٹیسٹس میں کل 23 ہزار امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 15 ہزار 164 امیدوار 30 فیصد یا اس سے زیادہ اسکور حاصل کر کے کامیاب ہوئے، جو نئے مقرر کردہ کٹ آف معیار کے تحت داخلے کے حقدار ہیں۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو اور ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو نے اجلاس کو کامیاب امیدواروں کی مجموعی تعداد اور اسکور کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر نانک رام، ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈاکٹر جاوید چانڈیو، احمد لقمان میمن، ڈاکٹر حافظ منیر احمد خان، ڈاکٹر ناہید کاکا، ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، پروفیسر امید علی رند، ڈاکٹر کامران ڈاہری، ڈاکٹر انیلہ ناز سومرو، ڈاکٹر پسند علی کھوسو، محمد معشوق صدیقی، ڈاکٹر انتظار لاشاری، احسان شاہ راشدی، ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈاکٹر شبانہ تنیو، ڈاکٹر فرحت نورین، ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن، ڈاکٹر الطاف نظامانی، وکیش کمار اور دیگر سینئر اساتذہ و عملداروں نے شرکت کی۔