شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے کوڑا کرکٹ رکھنے کی جگہ کا افتتاح، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے افتتاحی تقریب کے بعد کیمپس میں صفائی ستھرائی کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے گزشتہ روز یونیورسٹی کیمپس میں ویسٹ سیگریگیشن پوائنٹ یعنی کوڑا کرکٹ اٹھا کر ایک جگہ جمع کر کے رکھنے کی جگہ کا افتتاح کیا، جہاں کیمپس کے مختلف مقامات سے کچرا جمع کر کے رکھا جائے گا۔ ادھر کچرا جمع کرنے کی جگہ ملنے کے بعد سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے متعلقہ عملے نے فوری طور پر کیمپس کی مختلف سڑکوں اور علاقوں میں صفائی ستھرائی کا کام شروع کر دیا ہے۔ عملے نے لوڈرز کے ذریعے کچرا جمع کر کے نئی قائم کی گئی ویسٹ سیگریگیشن پوائنٹ کی جانب منتقل کیا۔ افتتاحی تقریب سندھ یونیورسٹی میں واقع پاکستان پوسٹ آفس کے پیچھے، ایچ بی ایل برانچ کے قریب واقع ویسٹ سیگریگیشن پوائنٹ پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار شاہ، رجسٹرار ساجد قیوم میمن، ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرمین، فیکلٹی ممبران، افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کو صاف، سرسبز اور ماحولیاتی طور پر ذمہ دار ادارہ بنانے کی جانب پہلا اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کو ایک جگہ جمع کرنے کے بعد اسے ڈمپنگ کی جگہ منتقل کیا جائے گا، جس سے ماحول کے تحفظ اور عوامی صحت کی بہتری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کو ماحولیاتی پائیداری اور ذمہ دار شہری رویّوں کے فروغ کے لیے عملی مثال قائم کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ یونیورسٹی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے درمیان تعاون سے کیمپس میں جدید اور سائنسی ویسٹ مینجمنٹ نظام متعارف ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر مری نے کہا کہ صاف ستھرا تعلیمی ماحول طلبہ کی تعلیم، اساتذہ کی کارکردگی اور ادارے کی مجموعی ساکھ پر اچھا اثر ڈالے گا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کیمپس میں نظافت و صفائی اور ماحولیاتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی جانب سے یونیورسٹی کو پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنا قابلِ تعریف عمل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ شراکت داری طویل المدتی فوائد دے گی۔وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ، افسران و ملازمین میں کچرا پھینکنے کے بارے میں آگاہی بھی نہایت اہم ہے، جو جلد شروع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی صرف کسی ادارے یا حکام کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے طلبہ اور ملازمین سے اپیل کی کہ وہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کچرا درست طریقے سے پھینکنے کو یقینی بنائیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی ماحول دوست طریقے اختیار کرنے اور پائیدار حل کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کوششیں قومی اور عالمی ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ ڈاکٹر مری نے کہا کہ ویسٹ سیگریگیشن پوائنٹ پر پوری یونیورسٹی کا کچرا جمع کر کے رکھا جائے گا، جس کے بعد اس کی ڈمپنگ کا عمل شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی طلبہ اور کمیونٹی کی فلاح کے لیے ترقیاتی و ماحول دوست منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے سندھ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی خدمات کو شہروں اور ٹاؤنز سے بڑھا کر تعلیمی اداروں تک پہنچایا۔ دوسری جانب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ کیمپس میں صفائی مہم جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں سے کچرا جمع کر کے اسے ویسٹ سیگریگیشن پوائنٹ کی جانب منتقل کرتا رہا۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 01/20/2026
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽيءَ ۾ وائيس چانسيلر پاران ڪچري کي گڏ ...
View Details → 01/20/2026
1024 x 768
شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے کوڑا کرکٹ رکھنے کی جگہ...
View Details → 01/20/2026
1024 x 768
SU VC inaugurates waste segregation point; SSWMB formally launches campus-wide cleanliness...
View Details → 01/20/2026