صوبائی وزیر تعلیم کا ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول کا دورہ، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے خیرمقدم کیا، سردار علی شاہ ایک کلاس کی ڈیسک پر بیٹھ کر پرانی یادیں تازہ کرتے رہے، اسکول کی مکمل مرمت اور نیا فرنیچر دینے کا اعلان، سندھ یونیورسٹی ماڈل اسکول کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، صوبائی وزیر

سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے جامعہ سندھ کے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اسکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا۔ صوبائی وزیر نے اسکول کی تاریخی عمارت، کلاس رومز، لیبارٹریوں اور راہداریوں کا جائزہ لیا اور عمارت کی موجودہ حالت پر تشویش کا ظہار کرتے ہوئے فوری مرمتی کام کرا کے اسکول کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا اعلان کیا۔ دورے کے دوران وہ ایک کلاس روم میں ڈیسک پر کچھ لمحے بیٹھ کر اپنے طالب علمی کے دنوں کی یادیں تازہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول کے سابق طالب علم رہے ہیں اور برسوں بعد اسکول کا دورہ کر کے انہیں بے حد خوشی محسوس ہوئی ہے، لیکن اسی وقت تاریخی عمارت کی خراب حالت دیکھ کر افسوس بھی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بہت پہلے آ کر اسکول کی حالت کا جائزہ لے کر مرمت کا کام شروع کرا دینا چاہیے تھا۔ سردار علی شاہ نے اپنی وزارت کی متعلقہ ٹیم کو ہدایت کی کہ جلد اسکول کا تفصیلی وزٹ کر کے مکمل مرمتی کام کی تجویز تیار کی جائے تاکہ بجٹ منظور کرا کے اس تاریخی ادارے کی حالت بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والے کئی افراد ملک کی مختلف وزارتوں اور اداروں میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کی بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ سندھ کی خدمت کا بہترین طریقہ صوبے کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اور اسکولوں کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا ہر نوجوان کم از کم انٹرمیڈیٹ تک لازمی تعلیم حاصل کرے، اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول میں مرمتی کام شروع کرایا جائے گا اور نیا فرنیچر بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی مختلف اوقات میں اسکول کی عمارت پر کام کراتی رہی ہے، لیکن ایک صدی سے زائد پرانی اس عمارت کو بڑے پیمانے پر مرمت اور فرنیچر کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے صوبائی تعلیم کی وزارت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ دورے کے دوران سندھ یونیورسٹی کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن، اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر شیراز شیخ، سابق پرنسپل احسان شاہ راشدی، لاء فیکلٹی کے انچارج ڈین ڈاکٹر سردار شاہ، ڈاکٹر رفیق لاشاری، ہاسٹل پرووسٹ ڈاکٹر پنهل خان لاشاری، ایاز مغل، موسیٰ راجڑ اور ممتاز کاکا سمیت اسکول کے دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ آخر میں وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا روایتی تحفہ پیش کیا، جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 03/05/2026
Announcements
1024 x 768
تعليم واري وزير پاران ڊاڪٽر اين اي بلوچ ماڊل اسڪو...
View Details → 03/05/2026
1024 x 768
صوبائی وزیر تعلیم کا ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول ...
View Details → 03/05/2026
1024 x 768
Sindh Education Minister orders comprehensive renovation plan for century-old Dr. N.A Balo...
View Details → 03/05/2026