جامعہ سندھ نے انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل دوبارہ تشکیل دے دیا، وائس چانسلر کمیٹی کے چیئرمین اور پی وی سی ڈپٹی چیئر مقرر، سرکل میں اسٹوڈنٹس کونسل کے دو نمائندے بھی شامل
جامعہ سندھ جامشورو نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی 2023ء کی پالیسی کے تحت اپنا انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل دوبارہ تشکیل دے دیا ہے، جس کا اعلان گزشتہ روزجاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا گیا۔ وائس چانسلر آئی کیو سی کا چیئرمین ہوگا، جبکہ پرو وائس چانسلر (مین کیمپس) ڈپٹی چیئر کے طور پر کام کرے گا۔ مذکورہ انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل میں ملحقہ کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرار اور اہم شعبوں کے ڈائریکٹرز کو ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اوریک، کیو اے سی، فنانس، آئی ٹی سروسز اور اسٹوڈنٹ افیئرز کے سربراہان بھی ممبر ہوں گے، اس کے ساتھ طلبہ کی کونسل کے نمائندگان بھی شامل ہوں گے۔ آئی کیو سی معیار کو یقینی بنانے والے نظاموں کی نگرانی کرے گا، تعلیمی پالیسیوں اور فریم ورک کا جائزہ لے گا، بیرونی معیاروں پر عملدرآمد کو مانیٹر کرے گا اور تعلیمی پروگرامز اور ادارے کی بہتری سے متعلق تجاویز پر غور کرے گا۔