جامعہ سندھ نے ملحقہ کالجز میں بی ایس، بی بی اے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے لیے داخلے کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا
جامعہ سندھ جامشورو نے اپنے ملحقہ کالجز میں تعلیمی سال 2026ء کے لیے مختلف انڈر گریجویٹ اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز میں عارضی داخلوں کی آخری تاریخ بڑھا کر 15 اپریل مقرر کر دی ہے۔ رجسٹرار ساجد قیوم میمن کی جانب سے جاری کردہ دو علیحدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق سیمسٹر سسٹم کے تحت چلنے والے ملحقہ سرکاری اور نجی کالجوں میں عارضی داخلوں کی آخری تاریخ 15 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مذکورہ توسیع بی ایس (آنرز) اور بی بی سی (آنرز) چار سالہ پروگرامز (8 سیمسٹرز) کی مارننگ شفٹ کے ساتھ ساتھ آرٹس، کامرس، سائنس اور ہوم اکنامکس کی ایسوسی ایٹ ڈگری (حصہ اول) پروگرامز پر لاگو ہوگی۔ نئے شیڈیول کے مطابق کالج اب 15 اپریل 2026ء تک عارضی داخلوں کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔ مذکورہ فیصلہ طلبہ اور متعلقہ اداروں کو سہولت فراہم کرنے، داخلہ کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور داخلہ کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔