جامعہ سندھ میں “بینظیر بھٹو آرٹ گیلری اور نالج سینٹر” قائم، وائس چانسلر اور حیدرآباد کے میئر نے مل کر افتتاح کیا، مادر علمی میں محترمہ بینظیر بھٹو آرٹ گیلری جلد نوجوانوں کے لیے علمی مرکز بنے گی، بینظیر بھٹو جمہوریت، جمہوری اقدار اور جدوجہد کی علامت ہیں، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری اور میئر کاشف شورو کا افتتاحی تقریب سے خطاب
جامعہ سندھ جامشورو میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر اور کنوینشن سینٹر کی جانب سے “بینظیر بھٹو آرٹ گیلری اینڈ نالج سینٹر” کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ آرٹ گیلری کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری اور حیدرآباد کے میئر کاشف شورو نے مل کر ربن کاٹ کر کیا۔ آرٹ گیلری میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بھٹو خاندان کی سیاسی، سماجی و تاریخی جدوجہد سے متعلق یادگار تصاویر، نایاب کتابیں، دستاویزات اور دیگر اہم اشیاء رکھی گئی ہیں، جو سیاست، تاریخ اور سماجی شعور میں دلچسپی رکھنے والے طلباء و محققین کے لیے اہم علمی ذریعہ بنیں گی۔ افتتاح کے بعد وائس چانسلر اور میئر نے گیلری کا دورہ کیا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے خاندان سے متعلق تصاویر اور دستاویزات کو گہری دلچسپی سے دیکھا۔ اس موقع پر ایک باوقار تقریب بھی منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے جمہوریت، حوصلے اور جدوجہد کی علامت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں قائم کی گئی یہ آرٹ گیلری نوجوان نسل کو ملک کی سیاسی تاریخ اور جمہوری اقدار کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ علمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ تاریخی شخصیات کی جدوجہد کو محفوظ کریں اور آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر شہید بینظیر بھٹو چیئر ڈاکٹر ریحانہ ملاح اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے ایک ایسا علمی و ثقافتی مرکز قائم ہوا ہے جو طلباء کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی علمی و ثقافتی سرگرمیاں یونیورسٹی میں تحقیق، تخلیق اور فکری بیداری کو مزید فروغ دیں گی۔ اس موقع پر حیدرآباد کے میئر کاشف شورو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ کی ایک اہم اور باہمت رہنما تھیں، جنہوں نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی گیلری کے قیام سے نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور رہنماؤں کی جدوجہد کے بارے میں بہتر معلومات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اس گیلری کو مزید بہتر اور فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ میئر نے کہا کہ علمی و ثقافتی مراکز کے قیام سے معاشرے میں شعور، برداشت اور تخلیقی صلاحیت کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ گیلری طلباء و محققین کے لیے ایک اہم مطالعاتی مرکز ثابت ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید بینظیر بھٹو چیئر اور کانوینشن سینٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ریحانہ ملاح نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی قائم شدہ شہید بینظیر بھٹو آرٹ گیلری کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں علمی شعور پیدا کرنا، تاریخی معلومات کو محفوظ کرنا اور فنون لطیفہ کی اقدار کو فروغ دینا ہے تاکہ طلباء اپنی تاریخ، ثقافت اور قومی رہنماؤں کی جدوجہد سے واقف ہو سکیں۔