جامعہ سندھ میں اگلی کلاسوں میں داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان
جامعہ سندھ جامشورو کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز نے تعلیمی سال 2026ء کے لیے اگلی کلاسوں میں داخلے حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایڈمیشن فارم اور فیس چالان جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایڈمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکیولر کے مطابق بیچلر ڈگری پروگرام کے دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں سال میں داخل طلباء کے ساتھ ساتھ ماسٹرز کے آخری سال کے طلباء (صبح و شام دونوں پروگرامز کے) اب بغیر لیٹ فیس کے 20 اپریل 2026ء تک اپنے آن لائن ایڈمیشن فارم جمع کرا کے فیس ادا کر سکیں گے۔ فیس جمع کرانے کے بعد طلباء کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ آن لائن ایڈمیشن فارم پرنٹ کریں، اس کے ساتھ اصل ادا کیا گیا چالان اور گزشتہ سیمسٹر کے مارکس سرٹیفکیٹ کی کاپی اپنے متعلقہ کیمپس، ٹیچنگ سینٹر، انسٹیٹیوٹ یا شعبہ میں تصدیق اور سفارش کے لیے جمع کرائیں۔