جامعہ سندھ اور العصر ویلفیئر آرگنائزیشن کے درمیان معذور افراد کی بحالی، جامع تحقیق اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری اور العصر فاؤنڈیشن کے صدر امداد علی نے معاہدے پر دستخط کیے
جامعہ سندھ جامشورو اور العصر ویلفیئر آرگنائزیشن کے درمیان معذور افراد کی بحالی، جامع تعلیم، تحقیق اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری اور العصر ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر امداد علی نے پیر کے روز وائس چانسلر آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایم او یو پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر طلبہ کی انٹرن شپ، تحقیقی منصوبوں، تربیتی پروگراموں، ورکشاپس اور آگاہی مہمات پر کام کریں گے۔ معاہدے کا بنیادی مقصد معذور افراد کو بااختیار بنانا ہے۔ ایم او یو کے مطابق جامعہ سندھ کے طلبہ کو العصر ویلفیئر آرگنائزیشن کے بحالی مراکز میں عملی تربیت اور تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ مذکورہ معاہدہ تعلیمی شعبوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، معذوری سے متعلق تحقیق کو فروغ دینے، اہل طلبہ کے لیے معاون آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور تعلیمی و سماجی ماحول میں شمولیت پر مبنی معلومات کے تبادلے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ دونوں اداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ معذور افراد کی بہبود، سماجی شمولیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ تقریبات، سیمینارز اور تربیتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔