مرزا قلیچ بیگ کا نایاب قلمی شاہکار “ترکیب الانسان” ایک صدی کے بعد اشاعت کے مرحلے میں داخل، نسخہ مولانا رومی کی مشہور مثنوی سے سندھی میں ترجمہ کردہ منتخب بندوں پر مشتمل، کتاب انسانی شخصیت کے کردار اور اخلاق سازی کے لیے نہایت مؤثر قرار، کتاب انسانی فکری، اخلاقی و روحانی نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، مرزا قلیچ نے یہ کتاب 1927ء میں لکھ کر مکمل کی تھی،ڈائریکٹر مرزا قلیچ بیگ چیئر ڈاکٹر نواب کاکا کا اظہار

 شمس العلماء مرزا قلیچ بیگ کے علمی و ادبی ورثے میں ایک اہم اضافہ ہونے والا ہے، جہاں ان کا نایاب قلمی نسخہ “ترکیب الانسان” تقریباً ایک صدی گزرنے کے بعد اشاعت کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ مذکورہ کتاب نامور صوفی شاعر اور مفکر مولانا جلال الدین رومی کی مشہور مثنوی سے منتخب بندوں کا سندھی ترجمہ ہے، جسے مرزا قلیچ بیگ نے انسانی شخصیت کی تعمیر، اخلاقی تربیت اور کردار سازی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا تھا۔ مرزا قلیچ بیگ نے سندھی ادب، تاریخ، فلسفہ، سماجی علوم اور تصوف کے میدان میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ ان کی تصنیفات میں علمِ تصوف، حالات اولیاء، مقالات اولیاء اور مثنوی گلشن راز سمیت شاہ کریم بلڑی والے اور شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام کی ترتیب، تشریح اور تحقیق پر مبنی کئی اہم کتابیں شامل ہیں۔ مرزا صاحب نے مولانا رومی کے فکر کا گہرا مطالعہ کرتے ہوئے مثنوی سے ایسے بند منتخب کرکے ترجمہ کیے، جو انسان کی فکری، اخلاقی و روحانی نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس کتاب کے بارے میں مرزا قلیچ بیگ نے لکھا تھا کہ “ترکیب الانسان” دراصل مثنوی رومی کا عرق، جوہر اور مکھن ہے، جس میں انسان کی اصلاح اور تربیت سے متعلق فکر کو سمویا گیا ہے۔ ان کے ترجمے کی خاص خوبی سادہ زبان کا استعمال، روانی سے بھرپور اور دلکش زبان ہے، جس کے باعث عام قاری بھی مثنوی کے فکر اور پیغام کو آسانی سے سمجھ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر مرزا قلیچ بیگ چیئر ڈاکٹر نواب کاکا کے مطابق مذکورہ کتاب مرزا قلیچ بیگ نے ستمبر 1927ء میں مکمل کی تھی، لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر یہ 2026ء تک قلمی صورت میں ہی محفوظ رہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ مرزا قلیچ بیگ کے غیر مطبوعہ اور قلمی علمی سرمائے کو محفوظ کرکے شائع کیا جائے تاکہ یہ نادر علمی ورثہ محققین، طلباء اور عام قارئین تک پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) مرزا قلیچ بیگ چیئر کی علمی، ادبی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی اہم علمی منصوبے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر نواب کاکا نے امید ظاہر کی کہ “ترکیب الانسان” کی اشاعت سندھی ادب، تصوف اور فکر کے میدان میں ایک اہم علمی اضافہ ثابت ہوگی۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 06/29/2026
Announcements
1024 x 768
مرزا قليچ بيگ جو ناياب قلمي شاهڪار ‘ترڪيب الانسا...
View Details → 06/29/2026
1024 x 768
مرزا قلیچ بیگ کا نایاب قلمی شاہکار “ترکیب الانسا...
View Details → 06/29/2026
1024 x 768
University of Sindh Student Secures First Position Among National Top Achievers of HEC Nat...
View Details → 06/29/2026