جامعہ سندھ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، تعلیمی سال 2027ء کے تحت بیچلر اور بی ایس تیسرے سال کے داخلوں کے شیڈول کی متفقہ منظوری، 4 جنوری سے کلاسیں شروع کرانے کا بھی اعلان
شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (ٹی آئی) کی زیرِ صدارت گزشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تعلیمی سال 2027ء کے لیے بیچلر ڈگری پروگراموں اور بی ایس تیسرے سال کے داخلوں کے شیڈول کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، پرو وائس چانسلر دادو کیمپس پروفیسر ڈاکٹر انیلا ناز سومرو، رجسٹرار ساجد قیوم میمن، ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، ڈائریکٹر فنانس، دونوں امتحانی کنٹرولرز، ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز سینٹر، بوائز اور گرلس ہاسٹلز کے پرووسٹ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں تفصیلی غور کے بعد بیچلر ڈگری پروگراموں اور بی ایس تیسرے سال کے داخلوں سے متعلق مجوزہ شیڈول کی متفقہ منظوری دی گئی۔ منظور شدہ شیڈول کے مطابق داخلوں کی تشہیری مہم 9 اگست 2026ء کو شروع کی جائے گی، جبکہ یونیورسٹی کے آن لائن ایڈمیشن ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز 10 اگست 2026ء سے ہوگا۔ آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 ستمبر 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ بیچلر ڈگری پروگراموں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ 4 اکتوبر 2026ء کو لیا جائے گا، جبکہ ایل ایل ایم ایوننگ ڈگری پروگرام کا پری انٹری ٹیسٹ یکم نومبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔ پہلی عارضی میرٹ/سلیکشن لسٹ 10 نومبر 2026ء کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو 10 سے 12 نومبر تک اعتراضات جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ اعتراضات کے ازالے کے بعد نظرثانی شدہ پہلی عارضی میرٹ لسٹ 15 نومبر 2026ء کو جاری کی جائے گی۔ منتخب امیدوار 16 نومبر سے 27 نومبر 2026ء تک داخلہ فیس جمع کرانے کے ساتھ میٹرک، انٹرمیڈیٹ، ڈومیسائل، پی آر سی اور مارک سرٹیفکیٹس سمیت مطلوبہ دستاویزات جمع کرائیں گے۔ دوسری عارضی میرٹ لسٹ یکم دسمبر 2026ء کو جاری ہوگی۔ 2 دسمبر کو اعتراضات کی سماعت اور ازالے کے بعد نظرثانی شدہ دوسری میرٹ لسٹ 3 دسمبر 2026ء کو جاری کی جائے گی، جبکہ اس لسٹ کے منتخب امیدواروں سے فیسیں 4 دسمبر سے 11 دسمبر 2026ء تک وصول کی جائیں گی۔ تیسری عارضی میرٹ لسٹ اور خالی نشستوں کے لیے پہلی اسپیشل لسٹ 15 دسمبر 2026ء کو جاری کی جائے گی، جبکہ فیسیں 15 سے 19 دسمبر 2026ء تک جمع کرائی جائیں گی۔ چوتھی عارضی میرٹ لسٹ اور خالی نشستوں کے لیے دوسری اسپیشل لسٹ 22 دسمبر 2026ء کو جاری کی جائے گی، جبکہ فیسیں 22 سے 26 دسمبر 2026ء تک وصول کی جائیں گی۔ پانچویں عارضی میرٹ لسٹ اور خالی نشستوں کے لیے تیسری اسپیشل لسٹ 29 دسمبر 2026ء کو جاری کی جائے گی، جبکہ منتخب امیدوار 29 دسمبر 2026ء سے 2 جنوری 2027ء تک داخلہ فیسیں جمع کرا سکیں گے۔ منظور شدہ شیڈول کے مطابق تعلیمی سال 2027ء کی باقاعدہ کلاسیں 4 جنوری 2027ء سے شروع ہوں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (ٹی آئی) نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ داخلہ عمل کے ہر مرحلے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور امیدواروں کو شفاف، مؤثر، تیز رفتار اور مکمل میرٹ پر مبنی داخلہ نظام کے تحت زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔