جامعہ سندھ میں آزادی کی دو ہفتوں والی تقریبات جاری، ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول میں رنگا رنگ پروگرام، طلبہ کی پریڈ، قومی پرچم لہرانے کے ساتھ آزادی کی خوشی کی یاد تازہ کرنے کے لیے کیک کاٹا گیا، وائس چانسلر کی جانب سے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح، مینا بازار کا بھی دورہ
جامعہ سندھ میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے سلسلے میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی تقریبات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، جس دوران ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول، ایلسا قاضی کیمپس حیدرآباد میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں شجرکاری مہم، کھانے پینے کے اسٹال، کیک کاٹنے اور روایتی مینا بازار سمیت مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کی، جس میں یونیورسٹی کے سینئر افسران، اساتذہ، طلبہ اور سابق طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے آزادی کے جذبے اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب کی شروعات اسکول کے گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرانے سے کی گئی، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ بعد میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی یعنی 14 اگست کے دن کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بڑے جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس کے بعد تقریب میں موجود یونیورسٹی کے مختلف تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے بھی ایک ایک کرکے پودے لگائے اور آزادی کے جشن کے ساتھ یونیورسٹی کو مزید سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنے والے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر فتح مری نے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے کھانے پینے کے اسٹالوں کا دورہ کیا اور طلبہ سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، جوش اور جذبے نیز ان کی کوششوں کو سراہا اور تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ کی رہنمائی اور تعاون کی بھی تعریف کی۔ وائس چانسلر نے مینا بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں طلبہ کی جانب سے فروخت کے لیے کپڑے، کڑھائی کا کام، ہاتھ کے ہنر کی اشیاء اور دیگر مختلف چیزیں رکھی گئی تھیں۔ ڈاکٹر مری نے اسٹالوں میں گہری دلچسپی لی اور طلبہ کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے کو اجاگر کرنے پر حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ آزادی کے دن کے حوالے سے یہ تقریبات منعقد کرنے کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کے ساتھ انہیں اپنی علمی، تخلیقی و سماجی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تقریب میں سندھ ایچ ای سی کے سیکریٹری معین الدین قریشی، ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر حمیدہ ناریجو، فیکلٹی آف لا کے انچارج ڈاکٹر سردار علی شاہ، سوشیالوجی شعبے کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر احمد علی بروہی، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھالوجی ڈاکٹر فیاض لطیف، ڈائریکٹر فنانس ذیشان میمن، ناظم سیمسٹر امتحانات اور انسپکٹر آف کالجز محمد معشوق صدیقی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ، سابق طلبہ اور موجودہ طلبہ شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ جامعہ سندھ کی جانب سے یوم آزادی کے دو ہفتوں والے جشن کے سلسلے میں علمی، ثقافتی، سماجی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست تک جاری رہے گا۔ اسی طرح آزادی کی تقریب 13 اگست کو سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو میں منعقد ہوگی۔