جامعہ سندھ میں سندھی اور اردو زبانوں میں گائیکی کے مقابلے، 47 طلبہ و طالبات کی جانب سے اردو اور سندھی میں خوبصورت گیت پیش، کامیاب امیدواروں میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے، یومِ دفاع کے سلسلے میں بھی محفل موسیقی کا پروگرام منعقد، وائس چانسلر نے شرکت کی
جامعہ سندھ جامشورو میں گزشتہ روز مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات کے لیے دو زبانوں سندھی اور اردو پر مبنی گائیکی کے مقابلے منعقد کیے گئے، جس میں 47 طلبہ و طالبات نے سندھی اور اردو زبانوں میں اپنی گائیکی کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت گیت پیش کیے، جس کے سبب ماحول مہک اٹھا، کامیاب امیدواروں کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔ مقابلہ بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔ مقابلے میں مختلف شعبوں اور سینٹرز کے 47 طلبہ میں سے 26 طلبہ نے سندھی زبان اور 21 طلبہ نے اردو زبان والی کیٹیگری میں مقابلہ کیا۔ سندھی زبان والی کیٹیگری میں طالب علم روی کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اردو کے طالب علم شہزاد نے دوسری پوزیشن اور فزیالوجی اینڈ میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے طالب علم منیش کمار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو زبان والی کیٹیگری میں پولیٹیکل سائنس کے طالب علم امجد علی لاشاری نے پہلی پوزیشن حاصل کی، فیکلٹی آف فارمیسی کے فارم ڈی کے طالب علم کلیان ایڈوانی نے دوسری پوزیشن، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری کے طالب علم سید عذیر شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر اسی آڈیٹوریم میں دوپہر کو یومِ دفاع کے حوالے سے گائیکی کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں پاکستان کے قومی ہیروز کی بہادری، ہمت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ دونوں پروگراموں کا اہتمام بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے یونیورسٹی کی ہم نصابی سرگرمیوں اور قومی دن کی مناسبت سے کیا گیا۔