”پائیدار ترقی کا پہلا ہدف: غربت کا خاتمہ“: جامعہ سندھ میں غربت کے عالمی دن کے موقع پر تقریب منعقد، وائس چانسلر نے صدارت کی

 جامعہ سندھ کے شعبہ سوشل ورک کی جانب سے غربت کے عالمی دن کے موقع پر ”پائیدار ترقی کا پہلا ہدف: غربت کا خاتمہ“ کے عنوان سے تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) نے کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں بیورو آف اسٹیگس کے تعاون سے منعقدہ اس تقریب کے اعزازی مہمانوں میں معروف سماجی ایکٹوسٹ نور محمد بجیر اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر توفیق چنا شامل تھے۔ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ ایک خوشحال، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے غربت کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت، تعلیمی ادارے، سماجی تنظیمیں اور عام شہری مشترکہ کوششوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پائیدار ترقی کے لیے مقرر کردہ 17 اہداف میں پہلا ہدف غربت کا خاتمہ ہے۔ غربت کے خاتمے میں اعلیٰ تعلیم کا اہم کردار ہے، تاہم ہمارے ہاں غربت، شعور کی کمی اور مناسب رہنمائی نہ ملنے سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر 85 فیصد نوجوان یونیورسٹیوں تک نہیں پہنچ پاتے،صرف 15 فیصد نوجوانوں کو یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے، جن میں طالبات کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرحِ تعلیم میں اضافے کے لیے ہم سب کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا، بالخصوص لڑکیوں کو تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے اور شرحِ تعلیم میں اضافے کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے گئے ہیں، جن میں انکم سپورٹ پروگرام اور اسکالرشپس کے بے شمار مواقع شامل ہیں۔ تاہم، درست آگاہی اور رہنمائی نہ ہونے کے باعث ان پروگراموں سے مطلوبہ حد تک فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ اس لیے عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے، اور اس حوالے سے اس نوعیت کی تقریبات بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔

طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ان خوش نصیب 15 فیصد نوجوانوں میں شامل ہیں، جنہیں یونیورسٹی تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ آپ کے والدین نے غربت اور مالی مشکلات کے باوجود آپ کو اس امید کے ساتھ یونیورسٹی بھیجا ہے کہ آپ محنت کرکے اپنا مستقبل سنواریں گے۔ لہٰذا، اپنے والدین کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے آپ کو اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے چار سال انتہائی قیمتی ہوتے ہیں، اس لیے طلبہ کو ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وائس چانسلر نے اہم موضوع پر تقریب منعقد کرنے پر شعبہ سوشل ورک کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔

اس سے قبل شعبہ سوشل ورک کے چیئرمین ڈاکٹر سید فیصل حیدر شاہ نے استقبالیہ خطاب میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے کہا کہ غربت کی متعدد وجوہات ہیں، جن میں آبادی میں تیزی سے اضافہ، تعلیم اور فنی مہارتوں کی کمی، مہنگائی، روزگار کے محدود مواقع اور لوگوں کا محنت سے دور بھاگنا بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں آج بھی تعلیم کا اکثر مقصد سرکاری ملازمت کا حصول سمجھا جاتا ہے اور نوجوان اس آسرے میں اپنا قیمتی وقت ضائع کر دیتے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں اس حوالے سے سوچ تبدیل ہو چکی ہے۔ اب سرکاری ملازمتوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی مہارتوں کی بنیاد پر مختلف مواقع سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی ڈگری کے ساتھ مختلف ہنر بھی سیکھیں تاکہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں یونیورسٹیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی ایکٹوسٹ نور محمد بجیر نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے اس وقت دنیا بھر میں مختلف جہتوں سے کوششیں جاری ہیں، جن میں سماجی ادارے بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے ہی سے امن اور ترقی ممکن ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر توفیق چنا نے اپنے خطاب میں پروگرام کے ذریعے غربت سے متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی امداد اور اس کے مثبت نتائج پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر جامعہ سندھ کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن اور اجوید احمد بھٹی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نانک رام نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/22/2026
Announcements
1024 x 768
پائيدار ترقي جو پهريون هدف: غربت جو خاتمو: سنڌ يون...
View Details → 10/22/2026
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي جي انسٽيٽيوٽ آف بايو ڪيمسٽري طرفان ...
View Details → 10/22/2026
1024 x 768
”پائیدار ترقی کا پہلا ہدف: غربت کا خاتمہ“: جامعہ Ø...
View Details → 10/22/2026