جامعہ یونیورسٹی کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا 162 واں اجلاس وائس چانسلر کی زیر صدارت منعقد، پی ایچ ڈی و ایم فل کے 140 سے زائد اسکالرز کو ڈگریاں دینے کی منظوری دی گئی
جامعہ سندھ جامشورو کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا 162 واں اجلاس شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایچ ڈی کے 40 سے زائد اور ایم فل کے 100 سے زائد اسکالرز کو ڈگریاں دینے کی منظوری دی گئی۔ مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے اسکالرز میں عبدالرحیم بھرگڑی (اسلامک کلچر)، سید غلام شاہ (کرمنالاجی)، محمد عیسیٰ میمن اور عبدالعزیز چانڈیو (سندھی)، امداد حسین صدیقی اور طارق محمود آرائیں (بزنس ایڈمنسٹریشن)، زبیر احمد میمن، فرزانہ ملاح اور طاہرہ ملک (ایجوکیشن)، انور علی چانڈیو، شکور احمد سولنگی، شاہنواز بلوچ، سسئی اور خادم علی گشکوری (اینالیٹیکل کیمسٹری)، سمیر اکبر علی میمن (مائیکرو بایولوجی)، سمیرا نوناری (فریش واٹر بایولوجی اینڈ فشریز)، سندھو الماس (پبلک ایڈمنسٹریشن)، توفیق احمد چنہ (سوشالوجی)، نذیر احمد سیال (پولیٹیکل سائنس)، ماریا عیسانی (میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز)، ارباب علی لغاری اور نصراللہ (ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن) و دیگر شامل ہیں۔ جبکہ ایم فل کی ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں انگلش، سندھی، اردو، عربی، بزنس ایڈمنسٹریشن، ایجوکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسلامک کلچر، باٹنی، فزیکل کیمسٹری، اِن آرگینک کیمسٹری، آرگینک کیمسٹری، اینالیٹیکل کیمسٹری، کمپیوٹر سائنس، میتھمیٹکس، انوائرمینٹل سائنس، مائیکرو بایولوجی، زولوجی، فزیالوجی، فریش واٹر بایولوجی اینڈ فشریز، جغرافیہ، اسٹیٹسٹکس، فارماکوگنوسی، فارماسیوٹکس، فارمیسی پریکٹس، فارماکولوجی، سائیکالوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن، جینڈر اسٹڈیز، انٹرنیشنل ریلیشنز، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، پولیٹیکل سائنس، کرمنالاجی اور پاکستان اسٹڈیز شعبوں کے اسکالرز شامل ہیں۔ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کی ڈگریاں حاصل کرنے والے اسکالرز، ان کے سپروائزرز اور شعبوں کے سربراہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں معیاری تعلیم اور تحقیق کا بنیادی کردار ہے، جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں قابلیت کے ذریعے ہی خود کو منوایا جا سکتا ہے۔ قابل اسکالرز کے لیے پوری دنیا کے دروازے کھلے ہیں اور ان کے لیے کیریئر کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کی ڈگری کی بڑی اہمیت ہے، اس یونیورسٹی کے ڈگری ہولڈرز اپنے ملک سمیت دنیا کے کئی ممالک میں انتہائی اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایم فل و پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ لینے والوں اور مقررہ وقت پر اپنی تحقیق مکمل کرنے والوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے، انہیں یقین ہے کہ مختلف موضوعات پر تحقیق کرکے ڈگری حاصل کرنے والے یہ اسکالرز ملک کی ترقی اور نیک نامی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ معیاری تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ بروقت ڈگریاں بھی ایوارڈ کرتی ہے تاکہ اسکالرز اپنی ڈگری سے فائدہ حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن، پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر نانک رام، ڈین اسلامک کلچر ڈاکٹر حافظ منیر احمد خان، ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز ڈاکٹر ناہید کاکا، ڈین فیکلٹی آف لا ڈاکٹر سردار علی شاہ، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر محمد علی گھوٹو، ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری ڈاکٹر عرفانہ ملاح، چیئرمین شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر احمد علی بروہی، چیئرمین شعبہ سندھی ڈاکٹر نور محمد شاہ، ڈاکٹر نظام الدین چنہ و دیگر نے شرکت کی۔