امن، رواداری اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں آرٹ اور موسیقی کا اہم کردار ہے، سندھ یونیورسٹی کے طلبہ باصلاحیت ہیں، ڈاکٹر فتح محمد مری
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ثقافتی شناخت، تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی اور فکری نشوونما میں آرٹ اور موسیقی کا اہم کردار ہے، جن کے ذریعے امن کا پیغام عام کرکے اور شدت پسندی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سندھ کی میوزک سوسائٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے دو روزہ میوزک ٹرائلز کی تقریب میں خصوصی مہمان کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرٹس فیکلٹی کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد کیے گئے اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے مزید کہا کہ موسیقی روح کی غذا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف تفریح فراہم ہوتی ہے بلکہ تعلیمی اداروں کے اندر ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں تخلیقی سوچ اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میوزک سوسائٹی کی جانب سے یہ ٹرائلز لینے کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور ان کا خود اعتمادی بڑھانے کے ساتھ ایسی منتخب ٹیم تیار کرنا ہے، جو یونیورسٹی میں ہونے والے مختلف پروگراموں میں اپنا فن پیش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شاندار ثقافتی ورثے، لوک موسیقی اور فنون لطیفہ کو سنبھالنا اور پروموٹ کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ٹرائلز میں حصہ لینے والے طلبہ کی صلاحیتوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں معاشرے میں امن، رواداری اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وائس چانسلر نے میوزک سوسائٹی کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قسم کے پروگرام یونیورسٹی میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ اس موقع پر میوزک سوسائٹی کے کنوینر ڈاکٹر نبی بخش ناریجو نے اپنے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر کی شرکت، تعاون اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو روزہ ان ٹرائلز کا مقصد میوزک ٹیلنٹ کو موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹرائلز میں جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں سمیت سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو اور ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر اسٹیگس اور میوزک کمیٹی کے اراکین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ٹیم ورک کے ذریعے آرٹ اور موسیقی کی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ پہلے دن کی میوزک ٹرائلز کی تقریب میں طلبہ امجد علی، دولت راءِ، پریسا بتول، نور فاطمہ چانڈیو، ام فروہ، بینظیر درس، صدف دعا، اقصیٰ پیرزادو، ثانیہ حیدر، ثوبیہ بھرٹ، کمیل ڈاہری، ماہین اور دیگر نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں گیت پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نانک رام، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس اجوید احمد بھٹی، میوزک کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر سعید احمد منگی، ڈاکٹر پنہل خان لاشاری، انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن کے استاد نعمت اللہ خلجی، نامور گلوکار استاد امیر علی خان سمیت طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔