جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں انوویشن ایکسپو منعقد، مختلف شعبوں کے طلبہ کی جانب سے کاروباری آئیڈیاز اور تخلیقی منصوبے پیش، وائس چانسلر نے افتتاح کیا
جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے انوویشن ایکسپو منعقد کیا گیا، جس کا مقصد یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری مہارتوں اور انٹرپرینیورشپ کورس کے تحت تیار کردہ جدید کاروباری آئیڈیاز پیش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ انوویشن ایکسپو کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے طلبہ کی جانب سے قائم کیے گئے اسٹالز کا دورہ کیا، ان سے ان کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مری نے کہا کہ کاروباری آئیڈیاز کی بڑی اہمیت ہے، لیکن بدقسمتی سے اکثر آئیڈیاز کو کوئی پلیٹ فارم نہ ملنے کے باعث وہ ضائع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کو فروغ دینے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی میں یونیورسٹیوں کا اہم کردار ہے، جہاں طلبہ کو اس حوالے سے بھرپور مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ جامعہ سندھ کے تمام شعبوں کے طلبہ کو اس قسم کی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ ایکسپو، جس میں 10 مختلف شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، ایک بہترین کوشش ہے، جس سے طلبہ کی تخلیقی کاروباری سوچ اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں طلبہ کی جانب سے سولر پلانٹ کا تیار کردہ منصوبہ، مچھلی کی افزائش کا منصوبہ، شجرکاری کا منصوبہ اور اس جیسے دیگر مختلف منصوبے نہایت ہی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تجربات طلبہ کے لیے سیکھنے کے حوالے سے مددگار ثابت ہوں گے، جس سے انہیں مستقبل میں بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر عائشہ بشیر، تقریب کی آرگنائزنگ ٹیم کے ارکان پروفیسر ڈاکٹر تانیہ مشتاق، عبدالرحمان لغاری، مس ماروی ملاح و دیگر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو طلبہ کا اعتماد بڑھانے کے ساتھ ساتھ شعبوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دے گا۔ اس ایکسپو میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ سمیت 10 مختلف شعبوں، جن میں جیالوجی، اردو، جغرافیہ، اسٹیٹسٹکس، انوائرمنٹل سائنس، اینتھراپالوجی، پلانٹ سائنس، فشریز اور میرین سائنس شامل ہیں، کے طلبہ کی جانب سے اپنے پروجیکٹس اور کاروباری آئیڈیاز کے اسٹالز قائم کیے گئے تھے۔ اس موقع پر ایکسپو میں شامل شعبوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔